چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا فائنل سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ

یکم اپریل سے کراچی میں ویسٹ انڈیز سے ہونے والی سیریز بھی عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے خوش آئند ہے،نجم سیٹھی

جمعہ 23 مارچ 2018 19:14

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا فائنل سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل سیزن تھری فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہاہے کہ شہرِ قائد میں فائنل کروانے کا وعدہ کیا تھا وہ پورا کررہے ہیں،مجھ پر یقین کریں جو کہتا ہوں وہ کرتا ہوں ایک خوشخبری پوری کردی اور دوسری خوشخبری آئندہ سال ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے جمعہ کو25مارچ ہونے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل 3 کے فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لینے اسٹیڈیم پہنچے اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ آئندہ پی ایس ایل کے آدھے میچ پاکستان میں کروائیں گے۔نجم سیٹھی نے نیشنل اسٹیڈیم میں انکلوژر سمیت سیکیورٹی روم، ڈریسنگ روم،اوراسٹیج کی تیاری کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم نے کراچی میں فائنل کروانے کا وعدہ کیا تھا جواس سال پورا کررہے ہیں، پاکستان سپر لیگ سیزن 3 کے فائنل کے انعقاد سے کراچی میں 9 سال بعد کرکٹ بحال ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کوشش ہے کہ آئندہ سال پی ایس ایل 4 کے آدھے میچ پاکستان میں ہی کھیلے جائیں۔ یکم اپریل سے کراچی میں ویسٹ انڈیز سے ہونے والی سیریز بھی عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے خوش آئند ہے، چوتھی پاکستان سپر لیگ پرڈبل ویک اینڈ میچز کرائیں گے۔

نجم سیٹھی نے کہاکہ تین چار غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے رابطے کررہی ہیں لیکن رواں سال کسی بھی غیر ملکی کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم کے جتنے بھی میچز ہوں گے وہ ملک سے باہر شیڈول ہیں، مکمل سیریز کھیلنے فی الحال کوئی ٹیم نہیں آسکتی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ لاہور اور کراچی کو گرین سگنل مل گیا اور اب پشاور اور اسلام آباد کے میدانوں کو بھی آباد کریں گے۔نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں ڈبل ویک اینڈ میچز کرائیں، جمعرات اور جمعے کو متحدہ عرب امارات اور ہفتہ و اتوار کو میچز پاکستان میں کرائیں گے۔