گورنر سندھ محمد زبیر کی وزیر اعلی سندھ اور صوبائی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

جمعہ 23 مارچ 2018 18:48

گورنر سندھ محمد زبیر کی وزیر اعلی سندھ اور صوبائی کابینہ کے اراکین ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیرنے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ جمعہ کو یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی ،مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مزار پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں گورنر سندھ نے اپنے تاثرات میں تحریر کیا کہ عظیم قائد کی عظیم کامیابیوں ، کاوشوں اور انتھک جدوجہد کے نتیجے میں آج ہی کے دن 23 مارچ1940ء کو مینار پاکستان پر جو ش و خروش ، انقلابی جذبے اورآزاد ریاست کے قیام کے لئے قرارداد پاکستان پیش کی گئی،یہ سب کچھ ایک عظیم قائد کی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعہ سے ہی ممکن ہو سکا ، آج پوری قوم اپنے قائد کے رہنما اصولوں کے مطابق ملک خداداد کو ترقی ، خوشحالی و کامرانی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم سے سرشار ہے ،عظیم قائد کے رہنما اصول ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یوم پاکستان پر پوری قوم کو دلی مبارکباد قبول ہو، یہ تاریخ کا اہم ترین دن ہے اس روز ہم اپنے قائد کے رہنما اصولوں پر عملدرآمد، ملک کی سلامتی ، استحکام ، ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اظہار کرتے ہیں،یہ آزاد ریاست کے حصول کی لازوال کامیابی کی شروعات تھی جسے عملی جامہ عظیم قائد، قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے اپنی ولولہ و سحر انگیز قیادت کے ذریعہ پہنایا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان لا زوال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہوا،ملک کے موجودہ حالات ہم سے بھرپور قومی یکجہتی اور اتحاد کا تقاضہ کررہے ہیں،یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں قومی سلامتی و بقاء، جمہوریت کے فروغ ، ملکی استحکام ، اتحاد و اتفاق اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کرنا چاہئے،موجودہ صورتحال میں متحد و منظم پاکستانی قوم کے تصور کو عملی طور پر اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے،اتحاد میں ہی برکت ہے اور ہمیں تمام مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کے استحکام و ترقی کو فوقیت دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہے،ہمیں مل کر ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہوگا،بابائے قوم کے ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے خواب کو تعبیر دینے کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن و امان کی بہتر صورتحال حکومت کا کارنامہ ہے ہمیں امن و امان کے استحکام اور تسلسل کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا ،سازگار امن کی فضا کے قیام کے بغیر قائد کے وژن اور خوابوں کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا جا سکتا ہے ، موجودہ حکومت نے ملک میں امن و امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ اور مستحکم معیشت کا آغاز کردیا ہے ، مستقبل میں بہتر منصوبہ سے مزید موئثر نتائج اخذ کئے جا سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان با الخصوص معاشی شہ رگ کراچی کے حقائق کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کے لئے مثبت سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اس ضمن میں عالمی سطح کے متعدد ایونٹ کے انعقاد سے شہر کا عالمی سطح پر مثبت امیج اجاگر ہوا ہے ، پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد سے کراچی کا مزید مثبت امیج اجاگر ہوگا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ وطن عزیز کو قائد کے رہنما اصولوں کے مطابق ترقی یافتہ ، خوشحال اور عصر حاضرکے تقاضوں کے مطابق عظیم تر بنانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔ انہوںنے مزید کہا کہ صوبہ کی اسمبلی نے سب سے پہلے پاکستان کی قرارداد منظور کی جو کہ سندھ کے عوام کے لئے اعزاز ہے۔

متعلقہ عنوان :