نواز شریف جلد ملک چھوڑناچاہتے ہیں‘ ڈاکٹر طاہر القادری

شہدا کے ورثاء شریف برادران کا انسداد دہشتگردی عدالت میں ٹرائل چاہتے ہیں‘ سربراہ عوامی تحریک

جمعہ 23 مارچ 2018 18:33

نواز شریف جلد ملک چھوڑناچاہتے ہیں‘ ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر ۱لقادری نے کہا ہے کہ نواز شریف حکومتی مدت مکمل ہونے اور کرپشن ریفرنسز پر فیصلے آنے سے پہلے ملک چھوڑنا چاہتے ہیں، وہ اپنی جماعت کے اقتدار سے باہر ہو نے سے پہلے ملک سے باہر جانے کیلئے پر تول رہے ہیں، شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء شریف برادران کا سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ٹرائل چاہتے ہیں ۔

وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے سنیئر رہنمائوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ مجرم اور بے گناہ شہریوں کے قتل عام کا ماسٹر مائنڈ نواز شریف کسی قانونی،جمہوری،اخلاقی رعایت کا مستحق نہیں ہے ،اسے رعایت دینے کا مطلب ریاست کے خلاف اعلان جنگ کرنیوالوں کو انکے جرم کا جواز فراہم کرنے کے مصداق ہو گا ۔

(جاری ہے)

قومی مجرموں کو مذاکرات کی آڑ میں کوئی رعایت ملی تو پھر اس ملک میں کسی کاا حتساب ممکن نہیں رہے گا ۔

انہوں نے کہاکہ نا اہل ٹولے نے 1997 کی طرح عدلیہ اور 1999 کی طرح فوج کو تقسیم کرنیکی ہر ممکن سازش کی،سینے میں چھپے ہوئے راز اگلنے کی دھمکیاں دے کر اداروں کو بلیک میل کرنیکی کی بھونڈی حرکت بھی کی مگر وہ کسی ہتھکنڈے میں کامیاب نہیں ہوسکے اور اب مایوس اور خوفزدہ نواز شریف 31مئی سے پہلے ملک سے بھاگنا چاہتے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سیاسی جماعتیں پی آئی اے اور سٹیل مل کی فروخت پر سراپا احتجاج ہیں مگر ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں تمام بڑے ہسپتال اور سکول آئوٹ سورس کرنے کے نام پر بیچے جا رہے ہیں اور یہ کام قاتل اعلیٰ پنجاب کر گزرا ہے۔