انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد ، ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے قومی پرچم لہرایا

جمعہ 23 مارچ 2018 18:02

انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، اس موقع پر قومی ترانے کی دھن کے دوران ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں پاکستانی برادری اور ترک یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء ، پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے اپنے اہل خانہ سمیت شرکت کی۔

اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

(جاری ہے)

تقریب میں پاکستان ایمبیسی سکول انقرہ کے طلباء نے قومی نغمے بھی گائے۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر سائر س قاضی اور ان کی اہلیہ شازا سائرس نے پاکستانی بچوں کے جھرمٹ میں کیک کاٹا۔ قبل ازیں اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی پریڈ میں ترکی کی مسلح افواج کے T -129 اے ٹی اے کے ہیلی کاپٹروں نے فضائی مظاہرے میں حصہ لیا۔ ادھر صدر مملکت ممنون حسین نے ترکی کے معروف ماہر تعلیم اور سابق رکن پارلیمنٹ پروفیسر ڈاکٹر اویا ایکگونگ کی پاکستان ترکی کے تعلقات کے فروغ کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کے اعتراف میں انہیں تمغہ امتیاز سے نوازنے کی بھی منظوری دی ہے۔