حکومت نے عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کیلئے متعدد منصوبے مکمل کئے ہیں،کمشنر ساہیوال

جمعہ 23 مارچ 2018 18:02

لاہور۔23 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ حکومت نے معاشرے میں صحت مند سرگرمیوںکے فروغ اور عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لئے متعدد منصوبے مکمل کئے ہیں۔جن میں پپلی پہاڑ فاریسٹ پارک کا قیام سب سے اہم ہے ، یہ منصوبہ 7کروڑ 80لاکھ روپے کی خطیر رقم سے مکمل کر کے عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بات پپلی پہاڑ فاریسٹ پارک کے دورے کے دوران کہی جس میں انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

پپلی پہاڑ فاریسٹ پارک کے رینج فاریسٹ آفیسر عرفان امین نے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ 80ایکڑ رقبہ پر محیط پارک بنانے کا یہ منصوبہ 2014 میں شروع ہوا اور تین سال کی مسلسل محنت سے مکمل کیا گیا۔ اس پارک سے نہ صرف ضلع اوکاڑہ بلکہ گرد و نواح کے اضلاع کے لاکھوں عوام بھی مستفید ہو رہے ہیں، کمشنر علی بہادر قاضی نے فراہم کی گئی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیااورپارک میں موجود تما م سہولیات کا معیار برقرار رکھنے پر محکمہ جنگلات کے افسران اور عملے کی خدمات کو سراہا۔