پاکستان کے اصل حقائق سے دنیا کو آگاہ کرنے میں غیر ملکی صحافی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، گورنر سندھ

امن و امان ، بجلی بحران کا خاتمہ اور قومی معیشت کا استحکام موجودہ حکومت کے نمایاں کار نامے ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا کو آگاہ کیا جائے،محمد زبیر

جمعہ 23 مارچ 2018 17:56

پاکستان کے اصل حقائق سے دنیا کو آگاہ کرنے میں غیر ملکی صحافی اہم کردار ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی سمت گامزن ہو چکا ہے ، پاکستان کے اصل حقائق سے دنیا کو آگاہ کرنے میں غیر ملکی صحافی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، معاشی استحکام ، قومی ترقی ، سماجی سرگرمیاں ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، نجی سیکٹر کے فعال کردار ، اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور سماجی شعبہ کی ترقی پاکستان کے روشن مستقبل کی دلیل ہے ،امن و امان ، بجلی بحران کا خاتمہ اور قومی معیشت کا استحکام موجودہ حکومت کے نمایاں کار نامے ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سے دنیا کو آگاہ کیا جائے کہ پاکستان 2013 ء سے یکسر مختلف اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن پر امن ملک بن کر ابھر کر سامنے آرہا ہے اس ضمن میں ملکی و بیرون الاقوامی صحافت سے وابستہ صحافی پاکستان کے اصل حقائق کو دنیا بھر میں اجا کر کرنے کے لئے اپنا صحافتی کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں فوکس نیوز کی نمائندہ Ms.Hollie Mackay سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں امن و امان کی صورتحال ، سرمایہ کاری کے ساز گار ماحول ، معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، کاروباری ، سماجی ، ثقافتی اور کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں ، عالمی سطح کے متعدد ایونٹس کے انعقاد ، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور وفود کی تسلسل سے آمد سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ 2013 ء کے مشکل حالات کے خاتمہ کے بعد پاکستان خطہ میں پر امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ملک بن کر ابھر رہا ہے ، سرمایہ کار انتہائی ذمہ داری کے ساتھ حال اور مستقبل پر نظر رکھ کر ہی سرمایہ کاری میں حصہ لیتا ہے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے ماحول ساز گار، محفوظ سرمایہ کاری ،ترقی کے مواقع اور مستقبل میں کامیابی کے یقینی امکانات ہیں ، بد قسمتی سے دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی تاثر بھرپور طریقہ سے سامنے نہیں آسکا ہے اس ضمن میں دنیا کے متعدد ممالک میں منعقدہ روڈ شوز میں شرکت کرکے جب پاکستان کے اصل حقائق بیان کئے گئے تو شرکاء نے کہا کہ انھیں پاکستان کے بارے میں درست حقائق نہیں بتائے گئے اس لئے انہوں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی نہیں لی اب ان کے سامنے اصل حقائق واضح ہوچکے ہیں اب وہ بھی پاکستان میں دستیاب بھرپور استعداد سے فائدہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کاری کرینگے ، بلا شبہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے پر کشش اہمیت کا حامل ملک ہے جہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار ، محنتی ،کم لاگت نوجوان افرادی قوت دستیاب ہے جو کسی بھی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل اہمیت کے حامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد پاکستان میں ترقی کے نئے راستے کھلیں گے ، یہ بات خوش آئند ہے کہ غیر ملکی صحافیوں کی بڑی تعداد پاکستان کا دورہ کررہی ہے اس ضمن میں FOX نیوز کی نمائندہ کی آمد سے پاکستان کے اصل حقائق دنیا کے سامنے لانے میں مددملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی ایک بار روشنیوں کا شہر بن رہا ہے یہاں رات گئے تک تجارتی ، کاروباری ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ، صنعتی فعالیت ، نجی سیکٹر کے فعال کردار اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے بڑھنے سے لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہو رہے ہیں ، بین الاقوامی سطح کے ایونٹ کے انعقاد کے موقع پر شہر کی ہو ٹلوں میں کمرے کم پڑ جاتے ہیں اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کراچی کس قدر پر امن اور محفوظ شہر بن چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی کوریج کے لئے دنیا بھر سے صحافیوں کی آمد شہر میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی عکاس ہے ۔