متحدہ عرب امارات کے دستے کی پہلی مرتبہ یوم پاکستان کے موقع پرمسلح افواج کی مشترکہ پریڈ میں شرکت

جمعہ 23 مارچ 2018 17:26

متحدہ عرب امارات کے دستے کی پہلی مرتبہ یوم پاکستان کے موقع پرمسلح افواج ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کے دستے نے پہلی مرتبہ یوم پاکستان کے موقع پرمسلح افواج کی مشترکہ پریڈ میں شرکت کی جو کہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے اس سے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعلقات اپنی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ جمعہ کو پریڈ گراؤنڈ شکرپڑیاں میں تینوں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ میں پہلی مرتبہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مسلح افواج کے دستے نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

صدر مملکت ممنون حسین نے پریڈ کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہم اس پریڈ میں حصہ لینے والے متحدہ عرب امارات،ترکی اور اردن کے دستوں کا گرم جوشی سے خیر مقدم کرتے ہیں۔ اس حقیقت میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ عالمی امن و سلامتی کے لئے ہماری دوستی اور تعاون آنے والے دنوں میں مزید پھلے پھولے گا، یہی ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

پریڈ میں شرکت لوگوں اور ٹی وی پر بیٹھ کر پریڈ دیکھنے والے کروڑوں عوام نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت دیگر ممالک کی پریڈ میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظٓہر کی ہے کہ آئندہ بھی دوست ممالک اسی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ میں متحدہ عرب امارات کے 105جوانوں پر مشتمل دستے ،بحرین کے 40جوانوں پر مشتمل دستے اور اردن کے 40جوانوں پر مشتمل ملٹری بینڈ کے جوانوں اور 3پیرا ٹروپرز جبکہ ترکی ایئر فورس کے دو ایف سولہ ،تین A-129، A-400ٹرانسپورٹ ایئر کرافٹ اور KC-135ریفلیرز نے تینوں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ میں حصہ لیا ۔