23مارچ یوم قرار داد پاکستان ہنگو اورکزئی اور ٹل کینٹ میں جوش و جذبے سے منایا گیا

مارچ یوم پاکستان اس عہد کے تجدید کا دن ہے کہ ہم مل جل کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جانفشانی سے کردار ادا کریںگے ،ْکمانڈنٹ ٹل سکائوٹس کرنل مبشر و دیگر کا خطاب

جمعہ 23 مارچ 2018 16:30

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) 23مارچ یوم قرار داد پاکستان ہنگو اورکزئی اور ٹل کینٹ میں جوش و جذبے سے منایا گیا۔ملک بھر کی طرح ہنگو اور اورکزئی ایجنسی میں بھی مختلف سرکاری مقامات پرتقاریب کا انعقاد کی گیا ۔ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو اور اورکزئی ایجنسی ہیڈ کوارٹر میں پرچم کشائی کی گئی جبکہ ٹل کینٹ میں پرچم کشائی کے ساتھ ساتھ تقریب کے دوران طلباء نے 23مارچ کے موضوع پر تقاریر اور نظم پیش کئے۔

ٹل کینٹ میں تقریب کے دوران ہنگو اور کرم ایجنسی کے مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ پولیس ٹریننگ کالج اور اورکزئی ہیڈ کوارٹر کی تقریب میں پولیس جوانوں ،پولیٹیکل انتظامیہ کے افسران اور علاقہ موجود تھے۔ مختلف تقاریب سے خطاب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ ٹل سکائوٹس کرنل مبشر ، کمانڈنٹ پی ٹی آٹی ، ڈپٹی کمانڈنٹ پی ٹی آئی میاں نصیب جان، پولیٹیکل ایجنٹ اورکزئی ایجنسی خالد اقبال اورقومی مشران نے کہا کہ 23مارچ یوم پاکستان درحقیقت اس عہد کے تجدید کا دن ہے کہ ہم بطور پاکستانی مل جل کر مشترکہ طور پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جانفشانی سے کردار ادا کریںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے اور سب سے بڑھ کر ایک پہچان دی ہے اورہمارے بزرگوںنے ا س مادر وطن کے حصول کے لئے جوقربانیاں دی ہیں اس کا بھر پور حق ادا کریں گے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کو دو ٹکڑے کرنے کے لئے دشمن قوتوں نے مختلف قسم کی سازشیں کی اور دہشت گردی کو فروغ دیامگر فورسز،پولیس، اور عوام کی قربانیوں نے دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔

مقررین نے کہا کہ فورسز اور عوام کی قربانیوں سے ملک بھر میں امن کی فضائیں بحال ہو گئی جبکہ امن و امان کو مستقبل میں برقرار رکھنے کے لئے اتفاق و اتحادکامظاہرہ کرنا ہوگا تا کہ آئیندہ یہ عفریت دوبارہ سر نہ اٹھا سکے۔ اس موقع ٹل کینٹ اور پولیس ٹریننگ کالج میں تقاری اور نظم کے مقابلوں میں حصہ لینے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :