یوم پاکستان کے موقع پر سید ظفر علی شاہ کی رہائش گاہ پر کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد

پاکستان کومضبوط معیشت بنانے کیلئے حکومت نجی شعبے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ،ْشیخ عامر وحید

جمعہ 23 مارچ 2018 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) یوم پاکستان کے موقع پر مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما اور سابق سنیٹر سید ظفر علی شاہ کی رہائش گاہ پر کیک کاٹنے کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے بطور مہمان خصوصی اور سینئر نائب صدر محمد نوید و نائب صدر نثار مرزا نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ( ن) کے سینئر رہنما اور سابق سنیٹر سید ظفر علی شاہ نے کہا آج کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ قوم کا ہر فرد ایک ایسا سماج تشکیل دینے کیلئے کام کرے جس میں رنگ و نسل یا مذہب و فرقے کی بنیاد پر کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا ہم سب نے مل کر پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنانا ہے جس میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں اورپاکستان کا ہر خطہ ترقی و خوشحالی کا نمونہ پیش کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا آج کے دن ہم نے تجدید عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو ایک جدید اور ترقی یافتہ معیشت بنانے کیلئے قوم کا ہر فرد پوری سچائی اور ایمانداری سے محنت کرے گا اور زندگی کے جس شعبے سے بھی وابستہ ہو دیانتداری اور ایمانداری کے سنہری اصولوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اس موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ23 مارچ کا دن ہماری قومی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے کیونکہ اسی دن برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک واضع منزل طے کی تھی اور پھر 14اگست1947 قیام پاکستان کی صورت میں وہ منزل حاصل کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا اگرچہ علامہ اقبال کے خطبہ الہ آباد میں اس منزل کا تعین کر دیا گیا تھا لیکن اس پر قومی اجماع 23مارچ 1940کو قرارداد پاکستان کی صورت میں ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا یہ دن ہمیں یاد دہانی کراتا کہ اگر عزم پختہ ہو اور قوم کو دیانتدار قیادت میسر ہو تو بظاہر ناممکن دکھائی دینے والی منزل کا حصول بھی ممکن ہو جاتا ہے۔ شیخ عامر وحید نے اس بات پر زور دیا کہ جس جذبے اور خلوص کے ساتھ ہمارے آبائواجداد نے ہمارے لئے ایک الگ ملک حاصل کیا تھا ہم سب کا یہ فرض ہے کہ اسی جذبے کے تحت اس ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنے وطن کو دنیا کا ایک عظیم ملک بنانے کیلئے بھرپور محنت کریں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کو ایک مضبوط معیشت بنانے کیلئے نجی شعبے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے تا کہ سازگار ماحول فراہم ہونے سے تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے ایک مقصد کیلئے یہ ملک حاصل کیا تھا کہ یہاں ایک فلاحی اسلامی ریاست قائم کی جائے گی اور اسکی آزادی کیلئے انہوں نے بے مثال جانی و مالی قربانیاں دی تھیں۔

انہوںنے کہا کہ تاجر برادری سمیت قوم کے ہر فرد کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے پوری دیانتداری و ایمانداری سے کام کرے کیونکہ اپنے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا یہی سب سے بہتر طریقہ ہے۔

متعلقہ عنوان :