پولیس لائن کوہاٹ میں یوم پاکستان کی رنگا رنگ تقریبات اور خصوصی پریڈ

جمعہ 23 مارچ 2018 16:30

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) کوہاٹ میں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے کیساتھ منایا گیا۔پولیس لائن میں رنگا رنگ تقریبات اور خصوصی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔پاک سرزمین کو امن کا گہوارہ اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا عزم دہرایا گیا۔ملک بھر کی طرح کوہاٹ میں بھی 23مارچ کو یوم پاکستان روایتی جوش وجذبے اور شایان شان طریقے کیساتھ منایا گیا ۔

اس دن کے حوالے سے صبح کا آغاز پولیس لائن کوہاٹ میں پرچم کشائی کی تقریب سے کیا گیا ۔تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اول خان،ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت،ایس پی انوسٹی گیشن جہانزیب خان اور ایس پی آپریشنز جمیل اختر کے علاوہ تمام سرکل ایس ڈی پی اوز ، مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز ،ضلعی پولیس اور ایلیٹ فورس کے چاق و چوبند دستوں نے بھر پور شرکت کی۔

(جاری ہے)

پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر خصوصی پریڈکا اہتمام کیا گیا جسمیںقوم و ملت کے محافظ پولیس دستوں نے خون گرما دینے والی شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور مہمان خصوصی ڈی آئی جی کوہاٹ اول خان نے ڈی پی او عباس مجید خان مروت کے ہمراہ پولیس دستوں سے سلامی لی۔پرچم کشائی کے موقع پرمہمان خصوصی ریجنل پولیس آفیسر اول خان اور ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے قومی پرچم ہوا میں لہرایا۔

پرچم کشائی کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی اول خان نے کہا کہ ہمارا ملک پاکستان اسلاف کی بے پناہ قربانیوں کے طفیل حاصل کیا گیا ہے اور آج ہم انہیں کی لازوال قربانیوں کی بدولت آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے پولیس افسران و جوانوں پر زور دیا کہ اس پاک دھرتی کی حفاظت اور ترقی وخوشحالی کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔مہمان خصوصی ریجنل پولیس آفیسر اول خان کا کہنا تھا کہ عوم کی جان ومال اور عزت وآبرو کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جسمیں کسی قسم کی کوتاہی اور دقہقہ فراگزاشت نہیں کیا جائے گا۔