کوہاٹ میں یوم پاکستان ملی جشن وجذ بے کے ساتھ منایا گیا

جمعہ 23 مارچ 2018 16:30

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) ملک بھر کی طرح ضلع کوہاٹ میں بھی یوم پاکستان ملی جشن وجذ بے کے ساتھ منایا گیا۔ضلع انتظامیہ کوہاٹ کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل ہال کے سبزازار میں پرچم کشائی کی سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس تھے جبکہ تقریب میںاسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ گل بانو، اسسٹنٹ کمشنر لاچی سمیع الرحمان ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز صاحبزادہ سمیع اللہ، طاہر علی اور عباس آفریدی کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرحازق الرحمان،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سید سکندر شاہ ،ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر بلال خان آفریدی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کاشف الرحمان اور دیگر سرکاری محکموں کے حکام سمیت طلباو طالبات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سکاؤٹس کے چاق وچوبنددستے نے مہمان خصوصی کوسلامی پیش کی ۔تقریب میں طلبہ نے ملی نغمے پیش کرنے کے علاوہ اپنی تقاریر کے ذریعے یوم پاکستان اور علیحدہ مملکت کے حصول کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور کاوشوں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر کراٹے اور تائیکانڈو کا بھی مظاہرہ کیا گیااور کھلاڑیوں نے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کا کہنا تھا کہ آج ہم یوم پاکستان اس عزم کے ساتھ منا رہے ہیں کہ اپنی شبانہ روز محنت سے اس مملکت خدادا کو ترقیافتہ اور عظیم ممالک کی صف میں شامل کرکے دم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارے قائدین اور بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ اس کومضبوط تر بنانے کے لیے اپنے دن رات ایک کردیں ۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس نے ملی نغمے ،تقاریر اور کراٹوں میں مہارت کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :