محمد شامی کو میچ فکسنگ الزامات سے کلین چٹ مل گئی، فاسٹ بائولر دوبارہ سالانہ کنٹریکٹ فہرست میں شامل

شامی کے خلاف کرپشن اور میچ فکسنگ الزامات کے کوئی ثبوت نہیں ملے اسلئے انہیں الزامات سے کلیئر قرار دیا گیا، بی سی سی آئی

جمعہ 23 مارچ 2018 16:20

محمد شامی کو میچ فکسنگ الزامات سے کلین چٹ مل گئی، فاسٹ بائولر دوبارہ ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2018ء) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے فاسٹ بائولر محمد شامی کو میچ فکسنگ الزامات سے کلیئر قرار دیتے ہوئے سالانہ سینٹرل کنٹریکٹس فہرست میں بی کیٹگری میں شامل کر لیا۔

(جاری ہے)

کلین چٹ ملنے کا مطلب ہے کہ شامی آئندہ ماہ شروع ہونے والی آئی پی ایل میں دہلی ڈیئر ڈیولز کی نمائندگی کریں گے، شامی کی اہلیہ حاسین جہان نے اپنے شوہر پر میچ فکسنگ سمیت تشدد اور دھوکہ دہی کے الزامات عائد کئے تھے جس کی وجہ سے بی سی سی آئی نے ان کا سالانہ کنٹریکٹ روک دیا تھا۔

بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بی سی سی آئی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ نیراج کمار نے تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ سپریم کورٹ کی قائم کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریشنز کے پاس جمع کرا دی ہے، بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ شامی کے خلاف کرپشن اور میچ فکسنگ الزامات کے کوئی ثبوت نہیں ملے اسلئے انہیں الزامات سے کلیئر قرار دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ انہیں دوبارہ سالانہ سینٹرل کنٹریکٹ فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے، شامی کو بی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :