گورنرہائوس پشاور میں یوم پاکستان کی پروقارتقریب،

صوبے کی پانچ شخصیات کو اپنے متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات سرانجام دینے پر سول اعزازت سے نوازاگیا

جمعہ 23 مارچ 2018 16:11

گورنرہائوس پشاور میں یوم پاکستان کی پروقارتقریب،
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے جمعہ کے روز گورنر ہائوس پشاور میں یوم پاکستان 23 مارچ پر منعقدہ ایک پر وقار تقریب میںصدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین کی جانب سے صوبے کی پانچ شخصیات کو اپنے متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات سرانجام دینے پر سول اعزازت سے نوازاجبکہ دلیری اورشجاعت کی نئی تاریخ رقم کرنے پر صوبائی پولیس کے شہداء اورغازیوں کو قائداعظم پولیس میڈل اورپریذیڈنٹ پولیس میڈل سے بھی نوازا۔

تقریب تقسیم اعزازات میں انسپکٹرجنرل پولیس صلاح الدین محسود، صوبائی وزراء ، صوبے اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اعلیٰ سول وفوجی حکام اور اعزازات وصول کرنے والی شخصیات اور ان کے عزیز واقارب نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کو بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں اعلی خدمات کے عوض ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ بائیو ٹیکنالوجی ہی کے شعبے میںپروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد کو ان کی خدمات کے عوض صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر آصف اللہ کو کمپیوٹر کے شعبے میں اعلی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز عطا کیا گیا۔ ڈاکٹر عبدالصمد کو آرکیالوجی کے شعبے میں اعلی خدمات کے اعتراف میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی دیا گیا جبکہ خالد نور کومارشل آرٹس کے شعبے میں ملک کے لئے اعلیٰ خدمات کے صلے میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی دیا گیا۔ڈی پی او بونیرسیدخالد محمود ہمدانی ،انسپکٹر حمیدخان،سپاہی وحیداللہ کوقائداعظم پولیس میڈل سے نوازاگیا جبکہ پریذیڈنٹ پولیس میڈل سے ایس ایس پی سجاد خان، ڈی ایس پی اظہارشاہ، سب انسپکٹر ہارون خان، سب انسپکٹر حیدرعلی شاہ اور سپاہی شاہد حسین کو نوازاگیا۔

بعدازشہادت قائداعظم پولیس میڈل شہید سب انسپکٹر سلطان محمود کے بھائی فضل معبود، سپاہی منیراحمد کے بھائی محمدریاض، شہیدسپاہی طاہرنوازکے بھائی محمدنواز، شہدایل ایچ سی عدنان اسلم کے بھائی نعمان اسلم، شہید ہیڈکنسٹیبل عبدالقیوم کے والد محمدرمضان ، شہیدسپاہی جہانزیب کے والد جنت میر، شہیدسپاہی صابرنواز کے والد اکبرنوازاور شہید سب انسپکٹر نجیب اللہ کے بھائی پروفیسرعصمت اللہ نے وصول کئے جبکہ پریذیڈنٹ پولیس میڈل شہید سپاہی محمدطارق کی اہلیہ سائرہ بی بی، شہید سپاہی خرم شہزادکے والد حاجی صدیق اورشہید سپاہی سجید خان کے والد نصیر خان نے وصول کئے۔

اس موقع پرگورنرخیبرپختونخوا کے اعلان کردہ لیپ ٹاپ بھی صوبے کے سات ریجنز کے عظیم پولیس شہداء کے ذہین اورباصلاحیت بچوں ، شہید عامر نواز کی بیٹی کشش ، شہید اے ایس آئی اقرارامین کی بیٹی عظمی امین، انسپکٹرخلیل الرحمن کے بیٹے محمدفیصل ، شہید سب انسپکٹر طاہرمحمود کی بیٹی سنبل، شہید سب انسپکٹر محمداکبر کی بیٹی مسکان، شہید سپاہی بخت رشید کی بیٹی سدا بی بی اور شہید محمداقبال مروت کے بیٹے محمدجلال خان میں تقسیم کئے گئے۔ بعد ازاں گورنر اقبال ظفر جھگڑا تقریب کے شرکاء سے گھل مل گئے اور اعزازات حاصل کرنے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں مبارکباد بھی دی۔