سرکاری زرمبادلہ ذخائر12ارب ڈالر کی سطح سے گر گئے

بیرونی قرضوں اور دیگر سرکاری مد میں ادائیگیوں کے باعث زرمبادلہ میں گراوٹ جاری ،مجموعی ذخائر 18ارب7کروڑ90لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے مرکزی بینک

جمعہ 23 مارچ 2018 15:52

سرکاری زرمبادلہ ذخائر12ارب ڈالر کی سطح سے گر گئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) بیرونی قرضوں اور دیگر سرکاری مد میں ادائیگیوں کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور سرکاری زرمبادلہ ذخائر12ارب ڈالر کی سطح سے گر کر11ارب ڈالر کی سطح پر آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 16مارچ کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر 16 کروڑ 14 لاکھ ڈالرکی کمی سے 18ارب7کروڑ90لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے ،اس دوران مرکزی بینک کے ذخائر 18 کروڑ 17 لاکھ ڈالرکی کمی سے 11 ارب 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر2کروڑ3لاکھ ڈالر اضافے سے 6ارب 13 کروڑ 50لاکھ ڈالر کی سطح پر ریکارڈ کئے گئے ،گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک کی جانب سے بیرونی قرضوں اور دیگرسرکاری اخراجات کی مد میں 18 کروڑ20لاکھ ڈالرکی ادائیگیاں کی گئیں ،معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق تجارتی خسارے میں اضافہ، قرض و سود کی ادائیگیاں اور حکومت کی جانب سے نئے قرضوں میں تاخیر کے باعث زرمبادلہ ذخائر گھٹ رہے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق زرمبادلہ کے ان ذخائر سے صرف3 ماہ سے بھی کم عرصے تک کیلئے درآمدات کی ادائیگی ممکن ہوگی۔

متعلقہ عنوان :