یوم پاکستان کا دن قائد اعظم کے احکامات پر عمل پیرا ہونے کے عہد کرنے کا دن ہے، گورنرسندھ ،ْوزیراعلیٰ سندھ

یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر گورنر سندھ، وزیراعلی سندھ، وزیر داخلہ، آئی جی، میئر کراچی اور تینوں مسلح افواج کے نمائندوں کی حاضری کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے بہت کام ہوا ہے آج کراچی امن کا گہوارہ ہے مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک میں امن و امان کی بحالی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے، گورنرسندھ رائو انوار کی گرفتاری اور آئی جی سندھ کی تبدیلی کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے، ہر کسی کو سیاست کاحق ہے۔ 2018 انتخابات کا سال ہے، متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 23 مارچ 2018 15:50

یوم پاکستان کا دن قائد اعظم کے احکامات پر عمل پیرا ہونے کے عہد کرنے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) گورنرسندھ اور وزیراعلی سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ یوم پاکستان کا دن قائد اعظم کے احکامات پر عمل پیرا ہونے کے عہد کرنے کا دن ہے۔کراچی میں یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر گورنر سندھ، وزیراعلی سندھ، وزیر داخلہ، آئی جی، میئر وسیم اختر اور تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے حاضری دی۔

یوم پاکستان پر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے گورنرسندھ محمد زبیر ، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور صوبائی کابینہ کے ارکان بھی تھے۔مزار قائد پر تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اور ڈپٹی ڈی جی رینجرز نے بھی حاضری دی۔

(جاری ہے)

پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔حکومتی اعلی شخصیات اور تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے یاداشت کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیرنے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ یوم پاکستان اس مرتبہ بھی جوش وخروش سے منایا جارہا ہے، آج قائداعظم کے احکامات پر عمل پیرا ہونے کے عہد کا دن ہے، خوشحال پاکستان کے خواب کوعملی جامہ پہنانے کے لئے مل کر کام کرناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے بہت کام ہوا ہے آج کراچی امن کا گہوارہ ہے مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک میں امن و امان کی بحالی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان کو جمہوری ملک بنانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، آج کے دن تمام پاکستانی ملک کی ترقی کے لیے عہد کریں۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ یوم پاکستان پر مزارقائد پر حاضری کیلئے آئے ہیں، آج پھر تمام پاکستانی ملک کی ترقی کیلئے عہد کریں، پاکستان کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، متحد ہوکر ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج یوم پاکستان ہے، اس اہم موقع پر میں رائو انوار یا اے ڈی خواجہ پر زیادہ بولنا نہیں چاہتا۔ رائو انوار کی گرفتاری اور آئی جی سندھ کی تبدیلی کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو سیاست کاحق ہے۔ 2018 انتخابات کا سال ہے، متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔