نہیں! آپ کو فیس بُک اکاؤنٹ کی سکیورٹی جانچنے کے لیے ''BFF'' لکھنے کی ہرگز ضرورت نہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 مارچ 2018 15:21

نہیں! آپ کو فیس بُک اکاؤنٹ کی سکیورٹی جانچنے کے لیے ''BFF'' لکھنے کی ہرگز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مارچ 2018ء): سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر آپ نے کوئی نہ کوئی پوسٹ تو ایسی دیکھی ہو گی جس میں لکھا ہو گا کہ اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ کا فیس بُک اکاؤنٹ سکیورٹی کے حوالے سے محفوظ ہے یا نہیں تو آپ کمنٹس میں BFF لکھیں۔ اگر آپ کے کمنٹ کا رنگ نیلا ہو گیا تو آپ کا اکاؤنٹ محفوظ ہے اور اگر آپ کے کمنٹ نے رنگ نہ بدلا اس کا مطلب ہے کہ آپ کو فوری طور پر پاسورڈ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

لیکن یہ تمام تر محض افواہیں ہیں، ان سے متعلق یہ کہا جا رہا ہے کہ ایسے کمنٹس کروانے کے پیچھے ووٹر پروفائلنگ کمپنی کا بہت بڑا ہاتھ ہے جو مبینہ طور پر سماجی رابطے کے صارف کی پروفائل کی شناخت کر کے انتخابی عمل پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ یہ کمپنی مبینہ طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے ساتھ کام کرتی ہے اور اسی تکنیک نے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کو 2016ء میں امریکی الیکشن جیتنے میں مدد کی تھی۔

(جاری ہے)

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اس طرح کے کمنٹس کر کے آپ اپنا اکاؤنٹ اور ڈیٹا خطرے میں ڈال سکتے ہیں، آپ کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہونا چاہئیے کہ آپ کا ایک کمنٹ پس پردہ کئی زیادہ کیلکولیشنز کر سکتا ہے۔ اس طرح کی پوسٹ پر کمنٹ کر کے آپ خود کو ایسی افواہیں پھیلانے والوں کی نظر میں نمایاں بھی کرتے ہیں۔ لہٰذا ایسی افواہوں اور ایسی پوسٹ سے دور رہنے میں ہی بہتری ہے۔خیال رہے کہ حال ہی میں فیس بُک انتظامیہ کو ٹیکنالوجی ماہرین کی جانب سے سخت رد عمل کا سامنا کرنا پڑا۔مبینہ طور پر 50 ملین سے زائد صارفین کا ڈیٹا رسک پر تھا، اور اسی وجہ سے فیس بُک کے حصص میں بھی واضح اور نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔