جمہوریت، پارلیمان کی مضبوطی اور آئین وقانون کی حکمرانی ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے‘ نواز شریف

پاکستان اقتصادی ترقی کی طرف گامزن ،آمریت کیخلاف جمہوریت کی جنگ میں قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں‘ پیغام جاتی امراء میں محفل میلاد النبیؐ کا انعقاد ، نواز شریف ،عزیز واقارب سمیت کارکنوں کی شرکت ،ملک و قوم کی سلامتی ،کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں

جمعہ 23 مارچ 2018 15:08

جمہوریت، پارلیمان کی مضبوطی اور آئین وقانون کی حکمرانی ہی آگے بڑھنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت، پارلیمان کی مضبوطی اور آئین وقانون کی حکمرانی ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے،پاکستان اقتصادی ترقی کی طرف گامزن ہے ،آمریت کے خلاف جمہوریت کی جنگ میں قربانیاں دینے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو اپنے پیغام میں مبارک باد دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ یوم پاکستان ہماری تاریخ کا تابناک اور ناقابل فراموش دن ہے، آج قرارداد پاکستان کے مقاصد اور ان کے حصول کے لیے جدوجہد کے عزم کا دن ہے۔

آج ہم قائد اعظم کے مقصد اور علامہ اقبال کے خواب کو مکمل ہوتا دیکھ رہے ہیں، پاکستان اقتصادی ترقی کی طرف گامزن ہے اور دنیا میں باوقار تشخص کے ساتھ ابھر رہا ہے، مادر وطن کے دفاع، سلامتی اور حفاظت کے لیے لازوال قربانیاں دی گئیں، قربانیوں کی بدولت دہشت گردی مٹ رہی ہے اور امن کے اجالے پھیل رہے ہیں، ہم اپنے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی جمہوری نظام کے تسلسل اور ووٹ کے تقدس میں پنہاں ہے، پاکستان پرعزم جمہوری جدوجہد اور ووٹ کی طاقت سے دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا، جمہوریت، پارلیمان کی مضبوطی اور آئین وقانون کی حکمرانی ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ آمریت کے خلاف جمہوریت کی جنگ میں قربانیاں دینے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔علاوہ ازیں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی رہائشگاہ جاتی امراء میں محفل میلاد النبیؐ منعقد ہوئی جس میں نواز شریف ،عزیز واقارب سمیت کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر حمد و ثنا کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کے لئے سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں۔جبکہ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی ۔ بعد ازاں نواز شریف نے نماز جمعہ بھی کارکنوں کے ہمراہ ادا کی۔