نیپال سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی آئندہ دو سال کے لئے صدارت 26 مارچ کو سری لنکا کے حوالے کرے گا

سبکدوش ہونے والے صدر سوراج ویدیا عہدے کا چارج نو منتخب صدر روآن ایدرسنگھے کے حوالے کریں گے، افتخار علی ملک تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

جمعہ 23 مارچ 2018 15:08

نیپال سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی آئندہ دو سال کے لئے صدارت ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) نیپال سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی آئندہ دو سال کے لئے صدارت 26 مارچ کو سری لنکا کے حوالے کرے گا۔ اس سلسلے میں کولمبو میں منعقدہ خصوصی تقریب میں نائب صدر سارک چیمبر پاکستان چیپٹر افتخار علی ملک پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ افتخار علی ملک نے جمعہ کو یہاں میڈیا کو بتایا کہ سبکدوش ہونے والے صدر سوراج ویدیا اس تقریب میں عہدے کا چارج سارک چیبمر کے نو منتخب صدر روآن ایدرسنگھے کے حوالے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سارک کے تمام رکن ممالک باری باری دو سال کی مدت کے لئے صدارت کا عہدہ سنبھالتے ہیں جبکہ ہر رکن ملک سے دو سال کیلئے ایک ایک نائب صدر منتخب ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سارک چیمبر کولمبو آفس اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد کرے گا۔

(جاری ہے)

سری لنکا کے وزیر اعظم رنیل وکرما سنگھے اس موقع پر مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر، تمام نائب صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور جنرل اسمبلی ممبران اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب صدر 27 مارچ کو ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ وورکنگ گروپس کے اجلاس بھی منعقد ہونگے جن میں خطے میں زیادہ سے زیادہ معاشی انضمام کے لئے مستقبل کی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔