بیجنگ میں موجود پاکستان سفارتخانے میں یوم پاکستان قومی جوش وجذبے سے منایا گیا

جمعہ 23 مارچ 2018 14:36

بیجنگ میں موجود پاکستان سفارتخانے میں یوم پاکستان قومی جوش وجذبے سے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) 23مارچ 1940ء کو قرار دادپاکستان کی منظوری کے تناظر میں چین کے دارالحکومت بیجنگ میں موجود پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان قومی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ چین سے موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق یوم پاکستان تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہواجبکہ پاکستان کے سفیرمسعود خالد نے قومی پرچم لہرایا اور اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔

تقریب میں پاکستان کے سفیرمسعود خالد نے صدرمملکت اور وزیراعظم پاکستان کے یوم پاکستان کے حوالہ سے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی برادری پر زوردیا کہ وہ قومی مقاصد کے حصول کیلئے متحد ہوکر کام کریں اور ملک کی عزت و وقار، ترقی اور خوشحالی میں اضافے کے حوالے سے بانیان پاکستان کے خوابوں کی تعبیرکو ممکن بنانے کیلئے اپنا کردارا دا کریں۔

(جاری ہے)

پاک چین دوستی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں ترقی ، امن و استحکام اورخوشحالی کیلئے مل کر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد کے رشتے پر قائم ہے ۔ اس موقع پرپاکستان ایمبیسی کالج کے طلباء نے قومی ترانے گائے ۔ تقریب میں چین میں مقیم پاکستانی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسی طرح چینگ ڈو، گوانگ ژو، ہانگ کانگ اورشنگھائی میں بھی پاکستانی قونصلیٹس میں اسی طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :