ملک بھر میں 78واں یوم پاکستان انتہائی جوش و خروش سے منایا ِگیا،وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ‘ 21توپوں کی سلامی دی گئی

جمعہ 23 مارچ 2018 14:34

ملک بھر میں 78واں یوم پاکستان انتہائی جوش و خروش سے منایا ِگیا،وفاقی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) ملک بھر میں 78واں یوم پاکستان انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا ۔دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوا‘ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ‘ 21توپوں کی سلامی دی گئی۔ تمام اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے۔

لاہور میں علامہ اقبالؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی اور پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ صدر مملکت ممنون حسین ‘ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی پیغامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

جبکہ قومی اخبارات نے 23مارچ کے حوالے سے خصوصی ضمیمے شائع کئے اور ریڈیو ‘ ٹی وی پر خصوصی پروگرام نشر کئے گئے ۔

وفاقی دارالحکومت میں یوم پاکستان کی مناسبت سے شکرپڑیا ں کے مقام پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کا شاندار انعقاد ہوا ۔ اس موقع پر شہریوں کا جوش و جذبہ قابل دید تھا ۔ عوام کی بڑی تعداد نے شاہراہوں پر جمع ہو کر یوم پاکستان کی خصوصی پریڈ دیکھی اور پاک فضائیہ کے جنگی اور لڑاکا طیاروں کے شاندار فضائی مظاہروں سے محظوظ ہوئے۔صدر مملکت ممنون حسین نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میںکہاکہ ہم آج کے دن وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے تحریک آزادی کے عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔یوم پاکستان کے موقع پرقائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :