پاکستان کی تینوں مسلح افواج کا 78ویں یوم پاکستان پر بھر پور دفاعی صلاحیت کے ساتھ شاندارمشترکہ پریڈ کا انعقاد

متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) ،اردن ، اور بحرین کی پہلی مرتبہ بھر پور شرکت ،ترک ائیر فورس کا شاندار فضائی مظاہرہ تقریب کے اعزازی مہمان سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا جبکہ مصر کے مفتی اعظم کی خصوصی طور پر شرکت ،ایئر چیف مارشل مجاہد انور کی فلائی پاسٹ ایس ایس جی کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ کی فری فال جمپنگ کی قیادت پاک فضائیہ کے جے ایف 17تھنڈر‘ایف 16اور شیر دل فارمیشن نے افق پر خوبصورت رنگ بکھیرتے ہوئے خوبصورت فضائی کرتب کا مظاہرہ کیا

جمعہ 23 مارچ 2018 14:34

پاکستان کی تینوں مسلح افواج کا 78ویں یوم پاکستان پر بھر پور دفاعی صلاحیت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے 78ویں یوم پاکستان پر بھر پور دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار مشترکہ پریڈ کا انعقاد کیا جس میںپہلی مرتبہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کے دستے ،اردن کے ملٹری بینڈ ،پیرا شوٹرز ،ترکی ایئر فورس کے دستے نے اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کی جو ان ممالک کے ساتھ گہری باہمی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

پریڈ کے اعزازی مہمان سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا تھے جبکہ مصر کے مفتی اعظم نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے فلائی پاسٹ جبکہ ایس ایس جی کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ نے فری فال جمپنگ کی قیادت کی ۔پاک فضائیہ کے جے ایف 17تھنڈر‘ایف 16اور شیر دل فارمیشن نے افق پر خوبصورت رنگ بکھیرتے ہوئے خوبصورت فضائی کرتب کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو78ویں یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کے پریڈ گرائونڈ میں شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا ۔صدر مملکت ممنون حسین اس تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا اعزازی مہمان تھے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ،بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی ،وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان ، اراکین پارلیمنٹ ‘غیر ملکی مندوبین‘ سفیروں‘ہائی کمشنروں،ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور پاکستانی فنکاروں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے پریڈ میں شرکت کی۔

پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین کی آمدکا اعلان بگل بجا کر کیا گیا جو بگی میں سوار ہوکر صدارتی حفاظتی دستے کے ہمراہ تقریب میں پہنچے۔ سلامی کے چبوترے پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کا استقبال کیا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ صدر مملکت نے پریڈ کمانڈر بریگیڈیئر عامر امین کے ہمراہ پریڈ میں شامل پنجاب رجمنٹ ‘فرنٹیئر رجمنٹ ‘نادرن لائٹ انفینٹری ‘پاک بحریہ ‘پاک فضائیہ ‘مجاہد فورس ‘فرنٹیئر کور خیبر پختونخواہ ‘پاکستان رینجرز ‘ پاکستان پولیس ‘ٹرائر ی سروسز لیڈیز ‘ آرمڈ فورسز لیڈز آفیسرز ‘ بوائز سکائوٹس ‘ گرلز گائیڈ اور ٹرائی سروسز سپیشل گروپ کے دستوں کا معائنہ کیا جس کے بعد پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ ہوا جس میں جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 ، میراج، پی تھری سی اورین، ایف سیون، پی جی سیون، قراقرم ایگل، سیپ 2000، کے ای تھری اواکس سمیت مختلف جنگی اور لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔

فضائی مارچ پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے کی۔ پاک فضائیہ اور بحریہ کے طیاروں نے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی۔پریڈ میںپنجاب رجمنٹ ‘فرنٹیئر رجمنٹ ‘نادرن لائٹ انفینٹری ‘پاک بحریہ ‘پاک فضائیہ ‘مجاہد فورس ‘فرنٹیئر کور خیبر پختونخواہ ‘پاکستان رینجرز ‘ پاکستان پولیس ‘ٹرائر ی سروسز لیڈیز ‘ آرمڈ فورسز لیڈز آفیسرز ‘ بوائز سکائوٹس ‘ گرلز گائیڈ اور ٹرائی سروسز سپیشل گروپ کے دستوںنے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔

پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کے دستے نے بھی اپنے مخصوص انداز میں پریڈ کرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی۔ آرمڈکور کا دستہ الخالد ٹینک، ٹی اے ٹی یو ڈی ٹینک، الضرار ٹینکوں پر مشتمل تھا۔ آرٹلری کے بکتر بند، اے پی سیز، آرمی ایئر ڈیفنس، میزائل اور ٹریکنگ ریڈار سسٹم سے لیس ایف ایم 90 ، کور آف انجینئرنگ، کور آف سگنلز کے دستوں نے بھی صدر مملکت کو سلامی دی۔

تقریب میں پاکستان کے جدید ترین نصر میزائل سسٹم، بابر کروز میزائل سسٹم، شاہین I، شاہین II،شاہین IIIمیزائل سسٹم، بغیر پائلٹ طیارے شہپر، براق سمیت دفاعی سامان حرب کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے 15کوبرا، ایم آئی 17، پیونک ہیلی کاپٹروں پر مشتمل دستوں نے بھی 300 فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے شاندار فضائی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

پریڈ میں ایف 16، جے ایف 17 تھنڈرطیاروں نے شاندار فضائی مظاہرے پیش کئے۔ فضاء میں خوبصورت رنگ بکھیرتے اور طیاروں کو آواز سے دوگنی اور کم ترین رفتار سے دائروں میں گھومتے، الٹی پروازوں، ورٹیکل رول بناتے اور تھنڈر ٹرن سمیت مختلف حیرت انگیز کرتب کا مظاہرہ کرتے طیاروں کو شہریوں کی خوب داد ملی۔پاک فضائیہ کے طیاروں کے شاندار مظاہرہ کو دیکھنے کے لئے نوجوانوں، بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی بڑی تعداد پریڈ گرائونڈ کے اطراف سمیت جڑواں شہروں میں شہریوں نے گھروں کی چھتوں پر کھڑے ہو کر فضائی مظاہرے دیکھے۔

پریڈ کی تقریب کا ایک اور شاندار مظاہرہ پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ اور پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز کا 10ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ تھا۔ تینوں مسلح افواج کے پیرا شوٹرز میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ کی قیادت میں یکے بعد دیگرے سلامی کے چبوترے کے سامنے اترے صدر مملکت نے فرداً فرداً تمام پیرا شوٹرز سے مصافحہ کیا۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے خصوصی فلوٹس نے بھی صدر کو سلامی پیش کی۔پاک بحریہ کے ہوور کرافٹ اور پاکستان رینجرز پنجاب کے اونٹوں پر سوار دستے نے بھی صدر کو سلامی پیش کی۔تقریب کے اختتام پربچوں نے قومی ملی نغمے پیش کئے ۔