متنازعہ بیانات ; نواز شریف کو جلسوں میں معافی مانگنے کا مشورہ دے دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 مارچ 2018 13:57

متنازعہ بیانات ; نواز شریف کو جلسوں میں معافی مانگنے کا مشورہ دے دیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مارچ 2018ء) : متنازعہ بیانات پر سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو جلسوں میں معافی مانگنے کا مشورہ دے دیا گیا۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ایک اعلیٰ سول خفیہ ادارے نے مشورہ دیا ہے کہ آپ مذہبی معاملات پر دئے گئے متنازعہ بیانات اور فیصلوں پر جلسوں میں معافی مانگ لیں، آپ کے اس اقدام سے مذہبی ووٹ بنک کو پہنچنے والے نقصان کو بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اعلیٰ سرکاری ذرائع نے سول خفیہ ادارے کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ سول خفیہ ادارے نے حکومتی جماعت مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو مذہبی معاملات پر متنازعہ بیانات اور فیصلوں کی وجہ سے مذہبی ووٹ کو پہنچنےوالے نقصان کی تلافی کے لیے معذرت کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے ہندو اقلیت کی ایک تقریب میں اسلام سے متعلق ایک متنازعہ بیان دیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ رحمان اور بھگوان ایک ہی ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے حلف نامے میں ختم نبوت کی ترمیم بھی ان کی وزارت عظمیٰ میں پیش کی گئی جو بعد میں غلطی کہہ کر واپس لے لی گئی۔

اور اس پر وفاقی وزیر قانون کا استعفیٰ بھی لیا گیا۔ حکومتی جماعت کے کچھ پارلیمنٹیرینز پارٹی کو انہی معاملات کی وجہ سے چھوڑ چکے ہیں اور مزید الیکشن سے قبل چھوڑ جائیں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف پر جامعہ نعیمیہ میں جوتا پھینکنے والے دو مرکزی ملزمان نے سول خفیہ ادار کی تفتیش میں نواز شریف کے ہندو اقلیت کی تقریب میں متنازعہ بیان اور ختم نبوت قانون میں ترمیم کو جوتا پھینکنے کی بڑی وجہ بتایا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکومتی جماعت کے جن پارلیمنٹیرینز نے اپنے استعفے روک لیے تھے عین ممکن ہے کہ وہ الیکشن سے قبل اپنے استعفے دے کر پارٹی کو خیرباد کہہ دیں۔ ان میں سے کئی اُمیدوار پاکستان تحریک انصفا کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ جبکہ کچھ اُمیدوارآزاد حیثیت میں بھی 2018ء کا الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ حکومتی جماعت مسلم لیگ ن کے مذہبی ووٹ بنک کو شمالی اور جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں میں زیادہ نقصان پہنچ سکتا ہے۔

سول خفیہ ادارے کی رپورٹ کے دوسرے حصے میں حکومتی جماعت کو ملکی اداروں، عدلیہ اور فوج کے خلاف بیانات نہ دینے کا مشورہ دیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا بیانیہ عوام میں کہیں بھی پذیرائی نہیں رکھتا، خصوصی طور پر شمالی اور وسطی پنجاب میں اس بیانیے سے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ شمالی پنجاب سے فوج میں افسر سے لے کر سپاہی بڑی تعداد میں موجود ہیں جبکہ وسطی پنجاب کے چند علاقوں میں بھی فوج کی ایک بڑی تعداد اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ ان کے رشتہ دار اور قریبی عزیز اور ان سے جُڑے تمام لوگ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کے فوج پر لفظی حملوں اور تنقیدی بیانات سے سخت ناراض ہیں۔

متعلقہ عنوان :