مقبوضہ کشمیر ،ْ آزادی پسند رہنمائوںکی پاکستان کے قومی دن کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد

پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے ،ْ کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری غلام نبی سمجھی کا بیان

جمعہ 23 مارچ 2018 13:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنمائوں نے یوم پاکستان پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری غلام نبی سمجھی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںپاکستان کے ترقی و استحکام کیلے دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک مضبوط و مستحکم پرامن اور خوشحال پاکستان کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائیں تاکہ قائد اعظم ؒکے خواب کی پوری طرح سے تکمیل ہو سکے۔

جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں امید ظاہر کی کہ پاکستان کشمیریوںاور دنیا کی دیگر محکوم اقوام کے حق میں اپنی آواز بلند کرتا رہیگا۔

(جاری ہے)

جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کا معرض وجود میں آنا ایک اہم پیش رفت تھی جس کے تمام مسلم دنیا پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔بیان میں کہا گیا کہ ایک مضبوط پاکستان جنوبی ایشیا میں امن کیلئے انتہائی ناگزیر ہے۔

جموںوکشمیر ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے اپنے بیان میں پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر ایک مضبوط ملک بنانے کے حوالے سے پاکستانی عوام کے عزم و ہمت کو سراہا۔ جموںوکشمیرماس موومنٹ نے بھی ایک بیان میں قومی دن پر پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔ پارٹی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع کپواڑہ کے علاقے ہلمت پورہ میں شہید ہونے والے پانچ کشمیری نوجوانوں کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

پیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے سرپرست فضل الحق قریشی اور چیئرمین محمد مصدق عادل نے بھی ایک بیان میں پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے مملکت خداد داد کی ترقی اور استحکام کے لیے دعا کی ہے ۔ انہوں نے ممتاز آزادی پسند رہنما عبدالمجید ڈار کو انکے 15ویںیوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر ،امتیاز احمد ریشی ،غلام نبی وار اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو نے بھی سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میںیوم پاکستان پر حکومت پاکستان اور عوام کومبارکباد دی ہے۔

انہوں نے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کی۔دریں اثنا جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے اسلام آ باد میں جاری ایک بیان میں یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے ان لاتعداد شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوںنے جنوبی ایشیا کے کروڑوں مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی قیادت میں جمع ہو کر قیا م پاکستان کے لیے جو لازوال قربانیاں دیں وہ جو ناقابل فراموش ہیں۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ 23مارچ 1940کی قرارداد ایک منفرد جمہوری اقدام تھا جس کے نتیجے میںمحض سات برس کی قلیل مدت میں پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ پاکستان کو اسوقت علاقائی اور عالمی سطح پر بہت سے چیلنجزکا سامنا ہے اور یہ ہرپاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ مملکت خداد داد کی سلامتی و استحکام اور اسے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق ایک جمہوری اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے دن رات ایک کرے۔