آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مرکزی تقریب ،ْ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور فضائی کرتب بھی دکھائے

جمعہ 23 مارچ 2018 13:26

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت دیگر سول و عسکری حکام شریک ہوئے ،ْسری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا بطور مہمان خصوصی تقریب میں موجود تھے ،ْ متحدہ عرب امارات کی فوج کے دستے نے بھی تقریب میں پہلی مرتبہ شرکت کی اور اردن کے فوجی دستے نے مختلف دھنیں بجا کر تقریب کو چار چاند لگائے ،ْجے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور فضائی کرتب بھی دکھائے، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز فلائی پاسٹ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے اوپر سے گزرے اور کمانڈوز نے پیرا شوٹ کے ذریعے فضا سے زمین تک آنے کا مظاہرہ بھی کیا جبکہ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو مشترکہ پریڈ میں پاکستان آرمی، نیوی، فضائیہ اور سول آرمڈ فورسز کے دستے شامل ہوئے ،ْ بوائز اسکاؤٹ، گرلز گائیڈ کے دستے نے بھی مشترکہ پریڈ میں حصہ لیا جبکہ پولیس سروس کی نمائندگی اسلام آباد پولیس کے دستے نے کی۔تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین روایتی انداز میں گھڑ سوار دستے کے حصار میں پریڈ گراؤنڈ پہنچے جہاں مسلح افواج کے سربراہان نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔

اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا اور انہیں سلامی دی گئی۔ سلامی کے بعد جیپ میں سوار صدر مملکت نے پریڈ میں حصہ لینے والے مسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں پاک فضائیہ کے طیاروں کی گھن گرج ، ایک 16 اورجے ایف 17سمیت پاک فضائیہ کے طیاروں نے صدرپاکستان کو سلامی دی۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایف 16 پر سلامی پیش کی جبکہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور فضائی کرتب بھی دکھائے، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز فلائی پاسٹ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے اوپر سے گذرے اور کمانڈوز نے پیرا شوٹ کے ذریعے فضا سے زمین تک آنے کا مظاہرہ بھی کیا۔

ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت جدید ترین میزائلوں نصر،بابر،شاہین ،میدان جنگ کے مضبوط ہتھیار،الخالد اور الضرار ٹینکوں،توپخانے ،ریڈار سسٹم سمیت دیگرفوجی سازوسامان کی نمائش بھی کی گئی۔اسپیشل سروسز گروپ، کوئن آف بیٹل فیلڈ انفنٹری، خواتین افسروں اور نرسنگ کور کے دستے نے بھی مشترکہ پریڈ میں معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔تقریب میں سندھ ،پنجاب ،خیبر پختونخوا،بلوچستان،گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے ثقافتی فلوٹس اور روایتی رقص ، پریڈ میں توجہ کا مرکز بن گئے،پاکستان رینجرز کے کیمل بینڈ نے بھی خوبصورت انداز میں شرکت کی۔

یوم پاکستان کی تقریب میں پہلی بار متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے تینوں مسلح افواج کے دستے نے سلامی پیش کی۔یو اے ای کا دستہ اپنا قومی پرچم تھامے سلامی چبوترے کے سامنے سے گزرا جس کی قیادت خالد حامد کررہے تھے جس کے بعد اردن کے مسلح افواج کے دستے نے بھی سلامی دی۔اردن کے عسکری بینڈ نے ‘جیوے جیوے پاکستان اور اللہ اکبر‘ کی دھن بجا کر خراج تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں دن کا آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی دوسری جانب سیکورٹی کی مناسبت سے اسلام آباد میں موبائل فون سروس جزوی طور پر کئی گھنٹے معطل کی گئی ہے جبکہ سکیورٹی کے خدشہ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ،ْ حساس تنصیبات اور عمارتوں پر سکیورٹی کے اضافے دستے تعینات کئے گئے تھے دوسری جانب ایکسپر یس ہائی وے صبح سات بجے سے دو بجے تک بند ررہی ،ْشہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کی آگاہی کیلئے بورڈ آویزاں کئے گئے جبکہ ٹریف پولیس اہلکار بھی شہرویوں کی مدد کیلئے تعینات تھے ۔