جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کے حوالے سے قومی دن کی پروقار تقریب کا انعقاد

جمعہ 23 مارچ 2018 13:03

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کے حوالے سے قومی دن کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں امور خارجہ کے پارلیمنٹری نائب وزیر مانا بوہوری، جاپان پاکستان فرینڈ شپ لیگ کے صدر سس ہیرو ہیٹو،اراکین پارلیمنٹ نٹ سو یاما گوچی، ہاؤس آف کونسلرز/چیف ریرپریذنٹیٹو آف کومیٹو ہیرو فومی ناکا سومی، سابق وزیرخارجہ اور ہاؤس کونسلرزکے اراکین میڈوری میٹ سو شیما،ہاکوشکن سمیت مختلف ممالک کے سفیروں، سفارتی عملے اور جاپانی حکومت کے اعلیٰ حکام، دفاعی اتاشیوں، تھینک ٹھیکس ،تعلیمی اداروں کے سربران، میڈیا کے اراکین، کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی کے اہم اراکین سمیت جاپان میں مقیم پاکستانی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر اسد ایم خان نے 23 مارچ 1940ء کو پیش کئے گئے نظریہ پاکستان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرارداد پاکستان کی روشنی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں 1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے پاکستان اور جاپان کے گہرے اور قریبی باہمی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ امن ، جمہوریت اور سلامتی سمیت قانون کی حکمرانی ،باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شراکت داری سے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو کاروباری اور سرمایہ کاری کے دوطرفہ رابطوں کو مزید وسعت دینی چاہئے۔ اس حوالے سے انہوں نے جاپان کے وزیرخارجہ تارو کونو کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اس موقع پر دونوں ممالک نے امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مفید مذاکرات کئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں ہونے والی بہتری اور قومی معیشت کی ترقی پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ جیٹرو نے اپنے 2017ء کے سروے میں جاپانی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان کو پرکشش ترین ملک قرار دیا ہے۔ انہوں نے خطے میں امن واستحکام اورسلامتی کیلئے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کا اعادہ بھی کیا۔ تقریب سے جے پی پی ایف ایل کے صدر سش ہیرو ہیٹو نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور جاپان معیشت، ثقافت ، تعلیم اور سیاست سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :