یوم پاکستان کے موقع پر جموں کشمیر ریفیوجی ایکشن کمیٹی اور ریفیوجی یوتھ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی

مارچ اور ریلی میں پاکستان زندہ باد ، جیوئے جیوئے پاکستان، تحریک آزادی کشمیر زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے فضاء گونج رہی تھی

جمعہ 23 مارچ 2018 12:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) یوم پاکستان کے موقع پر جموں کشمیر ریفیوجی ایکشن کمیٹی اور ریفیوجی یوتھ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام نیلم پل سے امبور مہاجر کیمپ تک موٹرسائیکل ریلی کا انعقاد کیا، نیلم پل سے گیلانی چوک تک مارچ بھی کیا ، مارچ اور ریلی میں پاکستان زندہ باد ، جیوئے جیوئے پاکستان، تحریک آزادی کشمیر زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے فضاء گونج رہی تھی۔

جموں کشمیر ریفیوجی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین گوہر کشمیری، صدر راجہ عارف، سینئر نائب صدر چوہدری مشتاق، نائب صدر یونس میر، جنرل سیکرٹری فیصل کشمیری ، جوائنٹ سیکرٹری سردار جاوید،راجہ افتیاز، قاسم قریشی، عبدالصمد جان، راجہ گلزرین ،فاروق فردوس، معروف خان، نذیر بٹ،تنویر نقوی، جاوید خان،ظاہر بٹ، راجہ ساجد، راجہ اسامہ، راجہ سہیل، شاکر بٹ ، فوجدار بٹ ، آصف نقوی سمیت سینکڑوںافراد نے ریلی اور مارچ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

یوم پاکستان کے موقع پر نکالی گئی پاکستان زندہ باد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گوہر کشمیری، صدر راجہ عارف و دیگر نے کہا کہ مسلمانان ریاست جموں و کشمیر نے 23مارچ کے تاریخی جلسے میں شرکت کر کے در حقیقت اسی دن اپنی منزل مقصود کا تعین کیا تھا اور 19جولائی 1947کو دوبارہ اس کی توثیق قراردادالحاق پاکستان کی صورت میں کی تھی۔یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ ریاست جموں و کشمیر جغرافیائی ، تاریخی ،تہذیبی ، لسانی اور ثقافتی رشتوں سے پاکستان کا ایک قدرتی حصہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی دھائیوں سے مسلمانان ریاست کا قتل عام، خواتین کے تقدس کی پامالی سیاسی راہنماؤں کا بے دریغ قتل اور زیر حراست ہلاکتوں کا ایک لامتناہی سلسلہ جاری ہے ۔ہزاروں کی تعداد میں لوگ بے پناہ تشدد کی وجہ سے معذور ہو چکے ہیں اور انسانی حقوق کی پامالی روز کا معمول بن چکا ہے ۔ اس کے باوجود ہماری تحریک آزاد ی کی جد و جہد میں کمی نہیں آئے گی ۔

بھارتی حکام کا اہل کشمیر کو خوفزدہ کرنے اور انہیں اپنی دائمی غلامی میں رکھنے کے تمام حربے ناکام ہو چکے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ یوم پاکستان نہ صرف آزاد کشمیر بیرون ملک بسنے والے کشمیری بلکہ مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام پورے جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جب انہوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ مملکت کے قیام کی بنیاد رکھی،اس سے قبل برصغیر کے مسلمانوں کیلئے کوئی سرزمین نہ تھی جہاں وہ آزادی سے زندگی بسر کر سکیں اور اس سرزمین’’ مملکت خداداد‘‘ کے حصول کی لگن نے انہیں یکجا کر دیا تھا۔

آج ہی کے دن برصغیرکے مسلمانوں نے اپنی ملی تنظیم سے حضرت قائداعظم محمدعلی جناح ؒکی ولولہ انگیز قیادت و بصیرت افروز رہنمائی میں اقبال پارک لاہور میں آل انڈیا مسلم لیگ کے تاریخ ساز اجتماع میں اپنی حتمی منزل کا تعین کیا تھا۔ قرار داد پاکستان ہمیں اجتماعیت کا درس دیتی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے جسکو کشمیریوں نے اپنے خون سے زندہ رکھا ہواہے ، کشمیری بائی چوائس پاکستانی ہیں اور پاکستان کو اپنی آرزئوں اور امیدوں کا مرکز سمجھتے ہیں ، دنیا میں پاکستان سے زیادہ کوئی کشمیر یوںکاکوئی ہمدرد نہیں۔انشاء اللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور پاکستان کی تکمیل ہو کر رہے گی۔