سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور پاکستانی برادری کی جانب سے 78واں یوم پاکستان روایتی جوش وجذبے سے منایا گیا

جمعہ 23 مارچ 2018 12:01

سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور پاکستانی برادری کی جانب سے 78واں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور پاکستانی برادری کی جانب سے 78واں یوم پاکستان روایتی جوش وجذبے سے منایا گیا اور اس موقع پر پاکستان کے استحکام، ترقی اور ایک جمہوری فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ یوم پاکستان ہر سال 23مارچ کو قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے جو برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی یاد گار ہے۔

اس موقع پر لاہور میں 1940ء کو تاریخی قرارداد پاکستان منظورکی گئی جس کے تقریباً 7 سال بعد پاکستان کاقیام عمل میں آیا تھا۔یوم پاکستان کے حوالہ سے 23 مارچ کی صبح پاکستانی ہائی کمیشن سری لنکا میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کے قائمقام ہائی کمشنر نے قومی پرچم لہرایا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائم مقام ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے جو باہمی اعتماد اودوستی کی بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی اطمینان بخش ہے کہ ہمارے دو طرفہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں اور ہم سیاست ، معیشت ، دفاع ، سکیورٹی ، ثقافت ، تعلیم اور لوگوں کے لوگوں کے رابطوں کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔

قائم مقام ہائی کمشنر نے حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے سری لنکا کی حکومت اورعوام کو ترقی ، خوشحالی، باہمی تعاون اور اعتماد کے رشتوں میں مزید اضافہ کا یقین دلایا۔ تقریب میں پاکستان ، سری لنکا فرینڈ شپ، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ایسوسی ایشن، پاک سری لنکا بزنس کونسل اور سری لنکا میں مقیم پاکستانی برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔