ائیرانڈیا کی پہلی پرواز سعودی فضائی حدود سے اسرائیل پہنچ گئی

ایئر انڈیا کی دہلی سے تل ابیب پرواز سعودی عرب سے پہلا باضابطہ تعلق ہے،اسرائیلی وزیرٹرانسپورٹ

جمعہ 23 مارچ 2018 11:45

ائیرانڈیا کی پہلی پرواز سعودی فضائی حدود سے اسرائیل پہنچ گئی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) بھارت کی سرکاری فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے اسرائیل جانے کے لیے سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے اپنی پہلی پرواز مکمل کرلی،بھارتی ٹی وی کے مطابق اسرائیل کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ یسرائیل یاٹس نے کہا کہ ایئر انڈیا کی دہلی سے تل ابیب کے لیے پرواز ان کے ملک اور سعودی عرب کے درمیان پہلا باضابطہ تعلق ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل کے وزیرسیاحت یاریف لیف نے کہاکہ سعودی فضائی حدود کے استعمال سے پرواز کے وقت میں دو گھنٹے کی کمی کے ساتھ ساتھ کرایوں میں بھی کمی ہوگی۔ ایئر انڈیا کی دہلی سے اڑان بھرنے والی پرواز اے آئی 139 تل ابیب کے بن گوریون ہوائی اڈے پر جے ایم ٹی وقت کے مطابق شام سات بج کر 45 منٹ پر لینڈ ہوئی۔دہلی سے تل ابیب اور تل ابیب سے دہلی ہفتے میں تین پروازیں سعودی فضائی حدود کا استعمال کریں گی۔ خیال رہے سعودی عرب نے کئی دہائیوں نے اسرائیل جانے والی کمرشل پروازوں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔