یوم پاکستان دراصل پوری قوم کیلئے تجدید عہد کا دن ہے‘ شاہد محمودانصاری

جمعہ 23 مارچ 2018 01:00

ملتان۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) سماجی رہنما شاہد محمود انصار ی نے کہا ہے کہ یوم پاکستان دراصل پوری قوم کیلئے تجدید عہد کا دن ہے، 23 مارچ 1940 ء کو مینار پاکستان پر قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کے قیام کیلئے جو قرار داد پاس کی گئی اسی کا ثمر ہے کہ آج ہم آزاد، پروقار اسلامی مملکت میں اپنی زندگی بسر کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعور ترقیاتی تنظیم کے زیراہتمام یوم پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں امن کا نشان ہمارا پاکستان واک کی قیادت کرتے ہوئے کیا جبکہ ڈاکٹر یوسف گل، امیر نواز ملک، شوکت بدر سمیت دیگر شریک تھے۔ شاہد محمود انصاری اور پروفیسر عنایت علی قریشی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوان نسل اور طالبعلموں کو قرارداد پاکستان کے مقاصد اور قیام پاکستان کی جدوجہد سے نہ صرف آگاہ کریں بلکہ نوجوان نسل کی تربیت اس انداز میں کی جائے کہ وہ مستقبل میں پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے اہم کردار ادا کرسکیں۔

(جاری ہے)

امیر نواز ملک، ڈاکٹر یوسف گل اور شوکت بدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کا ثمر ہے آج پوری قوم کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس کا تقاضا ہے کہ ہم بحیثیت قوم اپنی یکجہتی، محب الوطنی جذبے کے تحت ملک و قوم کی خدمت کو جاری رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے افواج پاکستان سمیت پوری قوم نے عظیم قربانیاں دیں یہی وجہ ہے کہ آج ہمارا بحیثیت قوم عملی دعویٰ ہے امن کا نشان ’’ہے ہمارا پاکستان‘‘۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد، قائد اعظم زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے اور اہل وطن کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :