ضلع خانیوال میں 42 ترقیاتی سکیموں کی منظوری‘ 10کروڑ10لاکھ روپے لاگت ا ٓئے گی

جمعہ 23 مارچ 2018 01:00

خانیوال۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء)پنجاب لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ضلع خانیوال میں 42 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی گئی جن پر 10کروڑ 10لاکھ روپے لاگت آئے گی ۔ ان ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی جو اے ڈی سی جی آغا ظہیر عباس شیرازی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اے ڈی سی فنانس فیصل شہزاد سمیت تعمیراتی محکموں کے سربراہان ‘ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران ‘ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز کے چیف افسران نے شرکت کی ۔

منظور ہونے والی سکیموں میں 40ضلع کونسل اور 2میونسپل کمیٹی کی سکیمیں شامل ہیں ۔ 40ضلع کونسل کی سکیموں میں دیہی علاقہ جات کی یونین کونسلوں میں فی یونین کونسل 25لاکھ روپے کی لاگت ‘ دو میونسپل کمیٹی کی ترقیاتی سکیموں میں فی وارڈ ز 5لاکھ روپے کے تخمینہ سے سولنگ ‘ ٹف ٹائلزاور ڈرینج کی ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائینگی ۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی جی نے تعمیراتی محکموں کے افسران ‘ ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کے چیف افسران کو ہدایت کی کہ وہ دیہی یونین کونسلوں اور شہری وارڈوں میں ان سکیموں پر کام جلد شرو ع کروائیں۔

اور ان ترقیاتی سکیموں کی سخت مانیٹرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیںنیز ان میں استعمال ہونے والے تعمیراتی مٹیریل کے معیار کا خاص خیال رکھیں اس سلسلہ میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔