یوایس ایڈ کے تعاون سے ڈیری کاروبارسے منسلک خواتین کے لیے وویمن انویسٹمنٹ نیٹ ورک آف ڈیری سیکٹر کے سلسلہ میں اہم معاہدہ پر دستخط کی تقریب

جمعہ 23 مارچ 2018 01:00

سیالکوٹ۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء)امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی )یو ایس ایڈ) کے مالی معاونت شدہ پراجیکٹ پنجاب انیبلنگ انوائر نمنٹ پراجیکٹ اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے درمیان ڈیری کاروبار سے منسلک سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی خواتین کیلئے وویمن انویسٹمنٹ نیٹ ورک آف ڈیری سیکٹرکے سلسلہ میں ایک اہم معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔

اس موقع پر یو ایس قونصل جنرل لاہور ایلزبتھ کنیڈی ٹروڈیو،صوبائی ڈائیرکٹر پنجاب لی سوان سن، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زاہد لطیف ملک ، تیس خواتین ڈیری فارمرز سمیت پنجاب لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اس منصوبہ کے تحت یو ایس ایڈ اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے ڈیری سیکٹر سے منسلک خواتین کی متعلقہ فیلڈ میں تربیت، دودھ کی ٹیسٹنگ سمیت دودھ کو محفوظ رکھنے کیلئے جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکہ قونصل جنرل ایلزبتھ کنیڈی نے کہا کہ خواتین کی معاشی استعداد کار میں اضافہ کے سلسلہ میں سیالکوٹ چیمبر کا کردار قابل تعریف ہے، یقینا اس منصوبہ سے نہ صرف خواتین کو با اختیار روز گار کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی بلکہ شہریوں کو صحت مند تازہ اور مناسب قیمت پر دودھ بھی پینے کو ملے گا۔صدر سیالکوٹ چیمبر زاہدلطیف ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو ایس ایڈ کے ساتھ ہماری شراکت داری سے نہ صرف نجی شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ خواتین فارمرز کیلئے دودھ کی کولیکشن سنٹر سے ترسیل تک کے تمام مراحل میں قائدانہ کردار کی ادائیگی کے سلسلہ میں خواتین کو با اختیار بنایا جائے گا۔

اس موقع پر سابق صدر چیمبر محمد اسلم ڈار اور چیئرپرسن وویمن ریسیورس سنٹر ڈاکٹر مریم صدیقہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اپنی نوعیت کا ایک منفردمنصوبہ ہے جس کے تحت دیہی اور شہری حلقہ سے تعلق رکھنے والی خواتین مل کر اس منصوبہ پر کام کریں گی۔امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی )یو ایس ایڈ) کے مالی معاونت شدہ پراجیکٹ پنجاب انیبلنگ انوائر نمنٹ پراجیکٹ کا یہ پانچ سالہ منصوبہ ہے جس کے ذریعہ لائیو سٹاک، ڈیری اور زرعی شعبوں میںترقی کیلئے کردار ادا کرے گا۔

یہ منصوبہ اس امر کا مظہر ہے جو یو ایس ایڈ خواتین کو کئی سال سے با اختیار اور معاشی طور پر خود مختار بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔علاوہ ازیں امریکی قونصل جنرل ایلزبتھ کنیڈی ٹروڈیونے گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین کا دورہ کیا ۔سیالکوٹ میں دورہ کے دوران اس ادارے میں ٹیوٹا اور لائف کے تعاون سے شروع ہونے والی مختلف کلاسز کا دورہ بھی کیا ۔

ٹیوٹا کے ڈسٹرکٹ منیجر محمد مبشر ،ڈپٹی جنرل منیجر آپریشن شجاعت اورپرنسپل طاہرہ کوثر نے قونصل جنرل لاہور ایلزبتھ کنیڈی ٹروڈیوکو گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین میں جاری تمام کورسز کے متعلق بریفنگ دی اور انہیں دورہ سیالکوٹ پو خوش آمدید کہا ۔ پرنسپل گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین طاہرہ کوثر نے قونصل جنرل کو بتایا کہ ہمارے ادارے میں خواتین کوپروفیشنل فیشن ڈیزائنگ ، کوکنگ ، بیوٹیشن ، ٹیلرنگ ، انگلش ورڈزسمیت دیگر کورسز کروائے جا رہے ہیں ۔