ڈپٹی کمشنر رحیم یا ر خان کی سربراہی میں ضلعی زرعی مشاورتی وٹاسک فورس کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 23 مارچ 2018 01:00

رحیم یارخان۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء)ڈپٹی کمشنر رحیم یا ر خان سقراط امان رانا کی سرابراہی میںضلعی زرعی مشاورتی وٹاسک فورس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میںضلع میں پانی کی کمی کے باعث کاشتکاروں کو درپیش مشکلات، شوگر ملز کی جانب سے کاشتکاروں کو رقوم کی ادائیگیوں ، آمدہ گندم خر یدار ی سیزن سمیت دیگر اہم امورزیر غو ر آئے گئے۔

۔ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے ضلع میں پانی کی کمی کے باعث نہروں کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری انہار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں کاشتکاروں کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے فوری طور پر4ہزار کیوسک پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا جس پر سیکرٹری انہار نے عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شوگر ملز کو پابند کیا جائے گا کہ وہ کاشتکاروں کو رقوم کی ادائیگیاں یقینی بنائیں تاکہ زمینداروں کو مزید مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امسال گند م خریداری سیزن میں بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اس سلسلہ میں پیشگی انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز 30مارچ تک اپنی تحصیلوں کی یونین کونسلز آفس کے باہر گندم کے کاشتکاروں کی کمپیوٹرائزڈ فہرستیں آویزاں کر دیں گے جس پر5اپریل تک اعتراضات سننے کے بعد حتمی فہرستیں ضلع بھر کے یونین کونسل دفاتر کے باہر آویزاں کر دی جائیں گی جس میں دوران سیزن کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ یکم اپریل سے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز اپنے دفاتر میں گندم خریدار ی سیزن کے حوالہ سے شکایات سیل قائم کر دیں گے جبکہ تمام خریدار ی مراکز پر انتظامات کو اپنی نگرانی میں حتمی شکل دیں گے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رائو اشفاق سمیت دیگر اداروں کے افسران نے اپنی محکمانہ کار کردگی بار ے بریفنگ دی۔