ْکراچی،اسلام زندہ باد کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی شرکت

جمعرات 22 مارچ 2018 23:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2018ء) کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ شرکائ کے ہاتھوں میں جمعیت علمائے اسلام کے کالی اور سفید دھاری والے جھنڈے تھے اور شرکائ انتہائی پرعزم اور پرجوش دکھائی دے رہے تھے۔ جمعیت علمائے اسلام سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے اعلان کیا کہ یہ کانفرنس صرف کراچی کی ہے اور اسی طرح کی کانفرنس کا انعقاد سندھ کے مزید تین شہروں میں آئندہ تین روز کے دوران مسلسل کیا جا رہا ہے۔

اسلام زندہ باد کانفرنس کے شرکائ کی آمد دوپہر سے ہی شروع ہو گئی تھی اور پہلی نشست عصر کی نماز سے پہلے اور دوسری نشست بعد نماز عصر سے مغر ب تک اور تیسری نشست مغرب کے بعد سے رات گئے تک جاری رہی۔

(جاری ہے)

نماز عصر اور مغرب کا اہتمام اجتماع میں کیا گیا تھا۔ اجتماع میں بہترین انتظامات کرنے پر جمعیت علمائے اسلام کی رضا کار تنظیم انصار الاسلام کے مرکزی سالار عبدالرزاق لاکھو کو عمرے پر بھیجنے کا اعلان کیا گیا۔

اجتماع کے چاروں اطراف سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت تھے۔ اجتماع گاہ کے باہر پولیس اور انصار الاسلام کے رضا کاروں کی ایک بڑی تعداد سکیورٹی پر مامور تھی جبکہ اجتماع گاہ کے اندر انصار الاسلام کے ایک ہزار سے زائد رضا کار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ خارجی اور داخلی راستوں پر سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔ اجتماع میں ایک موقع پر مولانا راشد محمود سومرو نے تمام شرکائ سے موبائل لائٹس جلوا کر اظہار یکجہتی کروایا۔

اجتماع میں قرآن پاک کی تلاوت اور نعت شریف کے ساتھ ساتھ مختلف شعرائ نے انقلابی نظمیں بھی پڑھیں ، جن میں دو بچے بھی شامل تھے۔ اسلام زندہ باد کانفرنس کے لیے بنیادی طور پر دو اسٹیج بنائے گئے تھے۔ ایک اسٹیج میڈیا کے لیے مختص تھا جبکہ دوسرا اسٹیج مقررین اور مہمانوں کے لیے مختص تھا۔ اجتماع میں مختلف مواقع پر انتہائی پرجوش نعرے بھی لگوائے گئے۔ #