الخدمت اورجامعہ کراچی کے اشترک سے ’’پانی کے عالمی دن پرسیمینار منعقد

جمعرات 22 مارچ 2018 22:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2018ء) الخدمت اورجامعہ کراچی کے اشترک سے ’’پانی کے عالمی دن پرسیمینار منعقد کیا گیا ،بعدازاں اساتذہ اور طلبہ وطالبات نے واک کی ۔واک کی قیادت جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام پروفیسر ڈ اکٹرعابد حسنین نے کی ۔سیمینارمیں طلبہ وطالبات اوراساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس سے پروفیسر ڈٖاکٹر نزہت خان پرنسپل انسٹی ٹیوٹ آف اوشین گرافی ،قاضی سید صدرالدین کنٹرولر الخدمت کلین واٹر ، انجینئر طفیل احمد کنسلٹنٹ ایس پی سی ایم ،پروفیسر ڈاکٹر ارم بشیر قائم مقام چیئر پرسن شعبہ جیولوجی نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع راشد قریشی قائم مقام سی اسی او الخدمت و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصو صی پروفیسر ڈاکٹر عابد حسنین نے کہا کہ پانی انسانی زندگی میں بہت اہمیت کا حامل ہے ۔

(جاری ہے)

معاشرے میں پانی کا ضیاع عام ہے جسے روکنے کی ضرورت ہے ۔بچوں کو ابتدا ہی سے پانی کی اہمیت کا اجاگر کرنا چاہیے تاکہ اس کے ضیاع کوروکا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ غیر مسلم معاشروںمیں پانی کی قدرکی جاتی ہے ۔جرمنی میںہر گھر میں پا نی کے دو میٹرز لگے ہیں جو پانی کے استعمال اور ضیاع کی جانچ کرتے ہیں ۔پانی کے ضیا ع پر شہریوں کو ٹیکس دینا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانی ایک نعمت ہے ۔ پاکستان میں بھی اس قسم کا نظام ہو تو پانی کے ضیاع کو روکا جا سکتا ہے ۔پروفیسر ڈاکٹرنزہت خان نے کہا کہ آئندہ 20 سال میں 40فیصد لوگوں کو پانی دستیاب نہیں ہوگا ۔

یہ اہم ترین مسئلہ ہے ۔دنیا میں اگرکسی مسئلے پرعالمی جنگ چھڑی تو پانی ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پانی کی مینجمنٹ کا نظام ہو نا نہایت ضروری ہے ہمیں چیک اینڈ بیلنس کا نظام بنا نا ہو گا ۔ہم اپنی عام زندگی میں پانی کو بے دریغ ضائع کر رہے ہیں ۔واٹر سیکیورٹی سسٹم بنا نا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہر سال دنیا میں آلودہ پانی سے پھیلنے والے امر اض کے باعث کئی ملین افرادموت کے منہ میں چلے جاتے ہیں ۔

33ملین لوگ پانی کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں ۔پروفیسرڈاکٹر نزہت خان نے کہا کہ ہمارے لیے ہر دن پانی کادن ہے۔ ہمیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی ۔ قاضی سید صدر الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت زندگی کی7شعبہ جات قدرتی آفات ،صاف پانی ،صحت، تعلیم ،مواخات ،کفالت یتامیٰ اور کمیونٹی سروسز میں خدمات انجام دے رہی ہے ۔اس وقت کراچی میں 38آرو واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے سالا نہ لاکھوں افرادصاف پانی سے استفادہ کر رہے ہیں ۔

ان پلانٹس کے ذریعے عالمی معیار کا پا نی فراہم کیا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ گڈاپ ،بن قاسم اور اورنگی کے علاقوں میں پانی کی قلت ہے ،جہاں الخدمت پانی کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ الخدمت کے تحت اس وقت ملک بھر میں73واٹر فلٹریشن پلانٹس کام کررہے ہیں ۔پانی کی فراہمی میں عالمی معیار کے اصولوں پر کاربند ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت تھر اور مٹھی میں بھی پانی کے منصوبوں پر کام کرہی ہے ،انہوں نے الخدمت کے صحت و دیگر منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور شرکا کو الخدمت کے کاموں سے آگا ہ کیا ۔

انجینئر طفیل زبیری نے شرکا کو’’ واٹر ٹریٹمنٹ ٹیکنالوجی ‘‘پرپریزینٹیشن دی ۔پروفیسر ڈاکٹر ارم بشیر نے کہا کہ ہمیں پانی کو محفوظ بنا نا ہو گا اوراس کیلئے معاشرے کے ہرفرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے الخدمت کی جانب سے سیمینار کے انعقاد کو سراہا اور اظہارتشکر کیا ۔اس موقع پر مہمانوں کو شیلڈ پیش کی گئیں ۔#

متعلقہ عنوان :