پی این سی اے میں معروف آرٹسٹ منصور راہی پر لکھی جانے والی کتاب ’’راہی دی کیوبسٹ لیجنڈ آف ایشیاء ‘‘کی تقریب رونمائی

جمعرات 22 مارچ 2018 22:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء)پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں معروف آرٹسٹ منصور راہی پر لکھی جانے والی کتاب’’ راہی دی کیوبسٹ لیجنڈ آف ایشیاء ‘‘کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر نمائش کا بھی افتتاح کیا گیا۔ معروف آرٹسٹ منصور راہی پر لکھی جانے والی کتاب راہی دی کیوبسٹ لیجنڈ آف ایشیاء کے مصنف ان کے بیٹے دانش راہی ہیں۔

کتاب میں منصور راہی کی آرٹ سے متعلق مفید معلومات ہیں۔ افتتاحی تقریب پی این سی اے میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مقررین نے منصور راہی کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے خطاب کے دوران منصور راہی نے کہا کہ کتاب مصنف کی ریسرچ پر مبنی ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1957ء میں کیا اور پھر پیچھے مڑ کے نہیں دیکھا۔

(جاری ہے)

منصور راہی نے کہا کہ انسان وقت کے ساتھ بہت کچھ سیکھتا ہے اور وہ بھی یہ سمجھتے ہیں کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے فن میں بہتری آئی، محنت اور لگن سے کام کیا جائے تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔

اس موقع پر پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل سیّد جمال شاہ نے کہا کہ منصور راہی نہ صرف ایک عظیم آرٹسٹ ہیں بلکہ وہ ایک اچھے استاد بھی ہیں اور انہوں نے کئی نوجوانوں کو یہ فن سکھایا ہے۔ ڈاکٹر ارجمند فیصل نے کتاب کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی ایک کتاب حاجرہ راہی کیلئے بھی مرتب کی جانی چاہئے۔ تقریب سے کتاب کے مصنف سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں منصور راہی کے فن پاروں کی نمائش کا بھی افتتاح کیا گیا۔ نمائش میں منصور راہی کے بہترین فن پارے رکھے گئے ہیں۔ نمائش 5 اپریل تک جاری رہے گی۔