گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے حافظ امیر علی اعوان کی ملاقات

جمعرات 22 مارچ 2018 22:11

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے حافظ امیر علی اعوان کی ملاقات
لاہور۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں چیف کوآرڈینیٹر پی ایم ایل (این ) فار اوورسیز پاکستانی ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب حافظ امیر علی اعوان نے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت اس بات کا تہیہ کیے ہوئے ہے کہ پاکستان کو ہر حال میں سیاسی اور جمہوری اعتبار سے مضبوط اور مستحکم کرنا ہے، بلاشبہ پاکستان کا ہر فرد خواہ ملک میں ہے یا ملک سے باہر اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی دُنیا کے کسی بھی خطے میں ہوں ان کا دل اور دماغ اپنے وطن میں ہوتا ہے اور ان کی تمام تر کوششوں کا محور ارض پاک کی ترقی اور معاشی خوشحالی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کام کرنے والے لاکھوں پاکستانی ہمارا وقار ہیں جو معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ملک کے صحیح امیج کو فروغ دینے کا بھی ذریعہ ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی کے عمل میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو مزید مؤثر کرنے کے لئے اہم اقدامات کو یقینی بنارہی ہے تاکہ وہ پہلے زے بہتر انداز میں وطن عزیز کی خدمت کر سکیں۔ دریں اثنا،ء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے پاک ناروے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عامر جاوید شیخ کے ہمراہ 3رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ اور اثاثہ ہیں اور وطن عزیز پر جب بھی کوئی مشکل گھڑی پیش آئی آپ لوگوں نے دل کھول کر مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے تاجر برادری کے ساتھ فرینڈلی ماحول ناگزیر ہے اور بلاشبہ تاجر برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پر قوم کو فخر ہے جو ملک کو بہت بڑا ریوینیو فراہم کرتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ حکومت کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا ادراک ہے اور اس کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔