راولپنڈی،پانی کے عالمی دن کے موقع پرواٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) نے ایک تقریب کا انعقاد کیا

جس کا بنیادی مقصد دور حاضر میں پانی کی اہمیت کو عوام الناس پر اجاگر کرنا ہے ۔

جمعرات 22 مارچ 2018 22:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2018ء) پانی کے عالمی دن کے موقع پرواٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) راولپنڈی نے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس کا بنیادی مقصد دور حاضر میں پانی کی اہمیت کو عوام الناس پر اجاگر کرنا ہے ۔ جہاں اس دنیا کو اور بہت سے مسائل کا سامنا ہے وہاں پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا بھی ہی یہ بات منیجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملک بھر کی طرح راولپنڈی کے شہریوں کو بھی پانی کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے جس کی بنیادی وجہ زیر زمین پانی کی سطح میںکمی اور پانی کے نئے ذخائر کی بروقت تعمیر نہ ہونا ہے ۔ اس صورت حال میں جہاں واسا صاف پینے کا پانی شہریوں تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے وہاں ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ پانی احتیاط سے استعمال کریں اور اللہ تعالی کی اس انمول نعمت کی قدر کریں ۔

(جاری ہے)

روز مرہ پانی کے استعمال میں کفایت شعاری کو اپنانا ہوگی ۔ بالٹی سے نہانا ، شیو کرتے ہوئے مگ کا استعمال اور کپڑے دھوتے وقت پانی کو احتیاط سے استعمال کرنا ہوگا انہوں نے مزید کہا ہے کہ واسا نے پانی کی مقدار سے لیکر کوالٹی تک کو بہتر بنایا ہے واٹر سپلائی نیٹ ورک کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ پانی کی لیکجز کوفوری ختم کرنے کے لئے دن رات اقدامات کررہا ہے جس سے نہ صر ف پانی کے ضیاع میں کمی آئی ہے بلکہ انسداد ڈینگی مہم میںبھی مدد مل رہی ہے ۔

انہو ں واساملازمین پر زور دیا کہ وہ سروس ڈیلوری کو مزید بہتر کریں تاکہ صارفین کو پانی اور سینٹیشن جیسی بنیادی ضرورتیں بہتر انداز میں مہیا ہو سکیں ۔ ایم ڈی واسا کا مزید کہنا تھا کہ پوٹھوہار ریجن میں پانی کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس خطے میںسمال ڈیمز خصوصاُ چراہ ڈیم اور دادوچھا ڈیم کی فوری تعمیر کیلئے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کی اشد ضرورت ہے ا س کے ساتھ ساتھ واسا CDA کے ساتھ مل کر انڈس ریور سے 200 ملین گیلن یومہ پانی کے حصول کے پراجیکٹ پر بھی کام کر رہا ہے جس کی تکمیل سے مستقبل میں جڑواں شہروں کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی ۔

تقریب میں واسا ،آر ڈی اور پی ایچ اے کے افسران و ملازمین اور سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ آ خر میں تمام شرکاء نے مری روڈ پر عوام میں پانی کے استعمال کے متعلق آگاہی واک اور پمفلٹس بھی تقسیم کیے ۔

متعلقہ عنوان :