کرپشن کے تدارک کیلئے’’بدعنوانی سے انکار‘‘ مہم پرعملدرآمدجاری ہے، نیب

نیب لوگوں کو بد عنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے مختلف سرکاری ، غیر سرکاری اداروں ،میڈیا ،سول سوسائٹی اور معاشرے کے دیگر طبقوں کے ساتھ کام کررہا ہے نیب ملک میں بد عنوانی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے،ڈی جی نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب کی آگاہی اور تدارک مہم کی پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس

جمعرات 22 مارچ 2018 22:00

کرپشن کے تدارک کیلئے’’بدعنوانی سے انکار‘‘ مہم پرعملدرآمدجاری ہے، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب)کے چیئرمین جسٹس (ر) جاویداقبال نے کہا ہے کہ نیب کی بد عنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے ساتھ ساتھ بدعنوانی سے آگاہی اور تدارک کی مہم بد عنوانی سے انکار پر 2018 میں بھی عملدرآمد جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب کی آگاہی اور تدارک مہم کی پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آگاہی و تدارک نیب نے بتایا کہ چیئرمین نیب کی ہدایات پر لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے بدعنوانی سے انکار کے پیغام کے ذریعے آگاہی و تدارک کی مہم شروع کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب نیشنل اکائونٹ بیلیٹی آرڈیننس کے سیکشن 33سی کے تحت بدعنوانی کے خلاف آگاہی اور تدارک کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں اس حوالے سے نیب کی مہم بھر پور انداز میںجاری ہے۔ نیب لوگوں کو بد عنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے مختلف سرکاری ، غیر سرکاری اداروں ،میڈیا ،سول سوسائٹی اور معاشرے کے دیگر طبقوں کے ساتھ کام کررہا ہے۔ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے نیب کے ان اقدام کو سراہا ہے۔ نیب کی بد عنوانی کے خلاف آگاہی اور تدارک کی مہم " بد عنوانی سے انکار " کو پرنٹ میڈیا الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا مثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔

نیب نے لوگوں کو بد عنوانی کے برے اثرات سے آگاہی کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ نیب کی کوششوں سے تمام شیڈولڈ بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر نیب کا پیغام بد عنوانی کے خلاف درج ہے۔ نیب نے یونیورسٹی اور کالجوں کے طالب علموں میں بد عنوانی کے برے اثرات سے آگاہی کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہتمی یادداشت پر دستخط کئے ہیں ۔ نوجوانوں کو نو عمر ی میں بد عنوانی کے برے اثرات سے آگاہی کے لئے ملک بھر سے مختلف یونیورسٹی اور کالجز میں 55ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔

سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، آئیسکو ، لیسکو، گیپکو ، پیپکو، فیسکو اور کے الیکٹرک کے بجلی اور گیس کے بلوں پر نیب کا بد عنوانی سے انکار کا پیغام درج کیا جا رہا ہے ۔ نیب کے تعاون سے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 24لاکھ ڈرائیونگ لائسنس پر نیب کا بد عنوانی سے انکار کا پیغام درج کیا ہے۔ نیب نے لوگوں کو بد عنوانی کے برے اثرات سے آگاہی کے لئے انسداد بد عنوانی کے عالمی دن کے موقع پر مختلف موبائل کمپنیوں کے ذریعے ملک بھر میں موبائل فون صارفین کو بد عنوانی سے انکار کا پیغام بھیجا ہے۔

نیب اور پاکستان فلم سینسر بورڈ کے تعاون سے ملک بھر کے سینما گھروں میں نیب کا ویڈیو پیغام بد عنوانی سے انکار پیش کیاجارہا ہے جس کو بڑے پیمانے پر عوام نے سراہا ہے۔ نیب کاپیغام بد عنوانی سے نکار بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تمام اخبارات میں شائع ہونے والے سرکاری ٹینڈز پر بھی درج کیاجارہا ہے ۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب نے سی پیک منصوبوں میں نگرانی اور شفافیت یقینی بنانے کے لئے چین کی ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نیب ملک سے بد عنوانی سے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے اپنے قومی فرض کی ادائیگی میں تیزی لایا ہے۔ نیب ملک میں بد عنوانی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ 2018 میں بھی بدعنوانی کے تدارک کی مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو یقین ہے کہ سول سوسائٹی، میڈیا اور عوام سمیت تمام متعلقہ شراکت داروں کے تعاون سے بدعنوانی کو روکا جا سکتا ہے۔