شیخ زید بن سلطان النہیان پاکستان کے عظیم دوست اورمحسن تھے،ان کی خدمات کوتادیر یاد رکھا جائیگا،

مشرق وسطیٰ کے خطے میں یواے ای پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت دارممالک میں شامل ہے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیرمعظم احمدخان کا یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 22 مارچ 2018 21:37

شیخ زید بن سلطان النہیان پاکستان کے عظیم دوست اورمحسن تھے،ان کی خدمات ..
ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیرمعظم احمدخان نے یواے ای کے بانی مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کو بھرپورخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شیخ زیدبن سلطان النہیان پاکستان کے عظیم دوست اورمحسن تھے جن کی خدمات کوتادیریاد رکھا جائیگا۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبررساں ادارہ کی رپورٹ کے مطابق یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مرحوم شیخ زیدبن سلطان النہیان ہمیشہ پاکستان کواپنادوسراگھر قراردیتے تھے، پاکستان اورپاکستان کے عوام کیلئے ان کی محبت اورخلوص بے مثال اوربے لوث تھا، پاکستان کے عوام بھی ان سے محبت اورعقیدت کے جذبات رکھتے تھے اوروہ ابھی بھی پاکستانیوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں متحدہ عرب امارات کے متعدد وزراء اوراعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے علاوہ متعدد ممالک کے سفارت کاروں اورمتحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ ہم شیخ زید کے سال میں اپناقومی دن منارہے ہیں، ہم مرحوم شیخ زیدبن سلطان النہیان کو اپنے سے الگ نہیں سمجھتے۔انہوں نے کہاکہ مرحوم شیخ زیدبن سلطان النہیان نے اخوت، برداشت اورسماجی بہبود کا جووژن پیش کیا اس میں ہمارے لئے کئی سبق پوشیدہ ہیں۔

پاکستانی سفات خانہ میں اس حوالے سے ایک نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان غیرمعمولی تعلقات اوردوستی میں شیخ زید مرحوم کی خدمات کی عکاسی کی گئی ہے۔ پاکستانی سفیر نے اپنے خطاب میں کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اوردوستی کا جو سفرمرحوم شیخ زید نے شروع کیا تھا اس سفر کویواے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان اور ان کے ساتھی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ 1971کے بعد سے لیکر اب تک یواے ای نے ہمیشہ اچھے اوربرے وقت میں پاکستان کاساتھ دیا ہے، مشرق وسطیٰ کے خطے میں یواے ای پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت دارممالک میں شامل ہے، پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں متحدہ عرب امارات کا ایک بڑا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ یوم پاکستان کی پریڈ میں متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کا ایک دستہ بھی شرکت کرے گا، ان خصوصی مہمانوں کی میزبانی ہمارے لئے اعزازکی بات ہے۔

متعلقہ عنوان :