صوبائی حکومت کا اصل ہدف عدل و انصاف پر مبنی فلاحی حکومت کا قیام ہے، وزیراعلیٰ پرویزخٹک

جمعرات 22 مارچ 2018 21:34

صوبائی حکومت کا اصل ہدف عدل و انصاف پر مبنی فلاحی حکومت کا قیام ہے، ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا اصل ہدف عدل و انصاف پر مبنی فلاحی حکومت کا قیام ہے جس میں حکومت کی ذمہ داری ابتداء سے اختتام تک رہتی ہے ۔ یہ کل وقتی ذمہ داری عوام کی جان و مال کی حفاظت ، اُن کو انصاف کی فراہمی ، اُن کی معاشی مسائل کا حل ، اُن کے حقوق کی حفاظت اور اُن کی فلاحی اور معاشی مسائل کا ادراک اور حل ہے ، آئندہ انتخابات میں عمران خان کی زیر قیادت کامیابی حاصل کرکے پورے ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنا کر دم لیں گے جس میں قانون سب کیلئے ایک ہو گا۔

فیصلے میرٹ پر ہوں گے ، ادارے کسی کی مفادات کی بجائے عوام فلاح کیلئے کام کریں گے ۔ سسٹم میں چوری چکاری کی گنجائش نہیں ہو گی ۔

(جاری ہے)

قابل اور استعداد رکھنے والے لوگ سسٹم کو چلائیں گے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی کی زیر قیادت یونین کونسل 6 تپی، میروی زئی، باقی زئی اور شہیدہ کوہاٹ کے 50 رکنی وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔

صوبائی وزیر مال علی امین گنڈا پور اور رکن صوبائی اسمبلی ضیاء الله بنگش بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وفد کے شرکاء نے جن میں ملک عاطف ، ملک جانباز، مولوی رفیق، ڈسٹرکٹ و تحصیل کونسلرز، ناظمین اورنائب ناظمین شامل تھے، وزیراعلیٰ کو علاقے کے بعض اجتماعی مسائل سے آگاہ کیا جن میں آبنوشی ، نئے سکولوں ، بجلی ، سوئی گیس اور شفاء خانہ حیوانات کی سہولیات کی فراہمی شامل تھے۔

وزیراعلیٰ نے علاقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا اور اس ضمن میں منتخب عوامی نمائندوں کو موثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی تاہم انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین کے تبادلوں اور پلاٹ ، پرمٹ اور ٹھیکوں کی بندر بانٹ کی روایتی سیاست کے برعکس تبدیلی کے ایجنڈے پر برسراقتدار آئی اور ہماری جماعت واحد پارٹی ہے جس نے اپنے انتخابی منشور پر سو فیصد عمل کیااور گلی کوچوں کی مرمت کی بجائے تعلیم، صحت اور انصاف و میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے پر کام کیا ۔

اسی طرح ہم نے حکومتی وسائل کمیشن کی خاطر نئے سکول و ہسپتال اور بڑے پراجیکٹس کی تعمیر پر ضائع کرنے کی بجائے پہلے سے موجود اداروں کو بہتر بنانے پر خرچ کئے کیونکہ کرپشن کی وجہ سے یہ تمام ادارے تباہ حال تھے اور ان کی وجہ سے عوام کا معیار زندگی پست ترین سطح پر آچکا تھا بالخصوص تعلیم اور صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر تھیں۔ پرویز خٹک نے کہاکہ ہم نے کرپشن کے خاتمے اور نظام کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ پورے صوبے میں ڈویژنل ، ضلعی اور تحصیل سطح پر ترقیاتی اقدامات کا آغاز کیا جن کا معیار ماضی کے مقابلے میں ہزار گنا بہتر ہے ۔

صرف کوہاٹ میں سڑکوں کا معیار بہتر بنانے کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام جاری ہے ۔ اسی طرح کوہاٹ شہر کی خوبصورتی پر بھی اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی سکیمیں زیر تکمیل ہیں۔انہوںنے کہاکہ محدود وسائل میں تمام مسائل کا حل ممکن نہیں تاہم حکومت اور ارکان اسمبلی اپنے اخلاص اور ایمانداری کی بدولت کافی بہتری لاسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارے تمام اقدامات کا مقصد غریب عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا اور اُن کی عزت نفس کی بحالی ہے تاکہ باہر بھی ہمارے لوگوں کو عزت کی نظر سے دیکھا جائے اب کسی بھی محکمے یا شعبے میں وزیراعلیٰ کو بھی مداخلت کا اختیار نہیں اور سب کچھ خود کار طریقے سے چلتا ہے حتیٰ کہ اب ٹینڈر بھی خود کار بنا دیئے گئے ہیںاور ٹھیکوں سمیت تمام شعبوں میں مافیا کا راج ختم کر دیا گیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عوام اگلے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو مرکز اور چاروں صوبوں میں برسراقتدار لائیں گے اور ہم دُنیا میں پاکستانی قوم کا باوقار تشخص یقینی بنائیں گے ۔