بلدیاتی نظام اپنی جڑیں مضبوط کر رہا ہے،ضلع ناظم پشاور

جمعرات 22 مارچ 2018 21:34

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام اپنی جڑیں مضبوط کر رہا ہے اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے بہترین تعاون اور کوششوں کی بدولت اڑھائی سال کے قلیل عرصے میں بلدیاتی نظام اپنے پائوں پر کھڑا ہو چکا ہے ،محدود وسائل کے باوجود ضلعی اور صوبائی حکومت تعلیمی ایمرجنسی پر عمل پیرا ہے جبکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر اہم منصوبوں پر بھی بھر پور توجہ دے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل انٹر کالج فار گرلز شاہی باغ میں نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ضلع ناظم نے کہا کہ ضلعی حکومت کے میگا پروجیکٹس نمک منڈی فوڈ سٹریٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ اپنی نوعیت کے پہلے کثیر المنزلہ کار پارکنگ کیلئے مسماری کا عمل جاری ہے اس کے علاوہ ضلعی حکومت کے ایک اور میگا پروجیکٹ سٹی ڈسٹرکٹ سروسز کلب اور سٹی ڈسٹرکٹ ٹاور پر بھی جلد کام کا آغاز کر دیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے پانچ کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے کالج میں نئے بلاک کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ واضح رہے کہ تاریخی میونسپل انٹر کالج فار گرلز شاہی باغ 33 سال قبل 1985 ء میں تعمیر کیا گیا تھا اور 2005 ء کے تباہ کن زلزلے کی وجہ سے اس کی عمارت میں دراڑیں پڑ چکی تھیں اور عمارت کو خطرناک قرار دیا جا چکا تھا ۔

متعلقہ عنوان :