تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن،130ملزمان گرفتار

جمعرات 22 مارچ 2018 21:33

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء)ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے تجاوزات کا سبب بننے والے 130 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے خلاف ٹریفک پولیس لائن میں مقدمات درج کرلئے گئے، فٹ پاتھوںپر ہتھ ریڑھی بانان، ہوٹلز مالکان، دکاندار اور مستری خانوں کے مالکان قابض ہوچکے تھے، جن کے خلاف آپریشن ناگزیر ہوچکا تھاتفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی کے احکامات کی روشنی میں گزشتہ روز ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر سید رحیم کی نگرانی میں ایس ایچ او ٹریفک علی گوہر خان نے بمعہ دیگر نفری پشاور کے مختلف شاہراہوں خوشحال بازار، دلہ زاک روڈ ،چارسدہ روڈ اور جی ٹی روڈ پر قائم ایسے ہوٹل مالکان ،دُکانداران ،مستری خانوں اور ہتھ ریڑھی بانان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی جن کی وجہ سے عام ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی تھی اور عوام الناس کو تکلیف تھی ۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران ٹریفک میں خلل ڈالنے اور تجاوزات کا سبب بننے والے 130 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف با قاعدہ تھانہ ٹریفک میں مقدمات درج کرلئے گئے۔ آپریشن کے حوالے سے ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈکوارٹر سید رحیم نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف یہ آپریشن ہم ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے کررہے ہیں، یہ بلاامتیاز آپریشن ہے اور اس میں کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں روا رکھا جاتا، آپریشن کی ہدایت ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی نے دی ہوئی ہے جبکہ آپریشن آپریشن کی نگرانی میں خود کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن اس قت تک جاری رہے گا جب تک تجاوزات کاسبب بننے والا ایک بھی ملزم باقی ہو۔ انہوںنے کہا کہ باربار وارننگ کے باوجود تجاوزات کا سبب بننے والے ہتھ ریڑھی بانان، ہوٹلز مالکان، دکاندار اور مستری خانوں کے مالکان فٹ پاتھوں قابض ہوگئے تھے مجبوراً ہمیں ان کے خلاف ٹریفک پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کارروائی کرنی پڑی۔

انہوں نے بتایا کہ ہتھ ریڑھی بانان، ہوٹلز مالکان، دکاندار اور مستری خانوں کے مالکان کی بڑی تعداد نے مختلف شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر ہتھ ریڑھیاں،سامان ،چارپائیاں اور کرسیاں رکھی ہوئی ہیں جن کی وجہ سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر چلنا دشوار ہوگیا ہے ۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ٹریفک پولیس سید رحیم نے عوام سے بھی مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر تجاوزات کے خاتمے میں ہمیں سو فیصد کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔