پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ورلڈ کلاس یونیورسٹی ہو گی،رانا مشہود احمد

جمعرات 22 مارچ 2018 21:25

پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ورلڈ کلاس یونیورسٹی ہو گی،رانا ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا قیام وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے خواب کی تعبیر ہے جس کا فائدہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کے نوجوانوں کو ہو گا، یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کو جاتاہے جنہوں نے صنعت و حرفت کیلئے عالمی معیار کے ہیومن ریسورس کی اہمیت کو محسوس کیا اور فیصلہ کیا کہ ایک ایسی ورلڈ کلاس یونیورسٹی بنائی جائے جس میں پاکستانی نوجوانوں کو جدیدٹیکنیکل ایجوکیشن ایک چھت تلے دستیاب ہو،انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہمسایہ ملک چین کا تعاون انتہائی خوش آئند ہے جنہوں نے سی پیک پراجیکٹ کے تحت پہلے تعلیمی منصوبہ مکمل کرنے میںہماری معاونت کی ہے، یونیورسٹی کے قیام کے ساتھ ساتھ چین فیکلٹی ڈویلپمنٹ، ٹیکنیکل سٹاف ٹریننگ و دیگر امور میں بھی معاونت کرے گا ، انہوںنے کہا کہ اس ادارے میںچار سالہ دورانیے کے سات بڑے کورسز متعارف کروائے جائیں گے، یونیورسٹی میں ابتدائی طور پر چار سو طالبعلموں کو داخلہ دیا جائے گا اور ہر سال ان طالبعلموں کی تعداد میں اضافہ بھی ہو گا،انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی ہمارے صنعت وحرفت کیلئے بہترین معاون ثابت ہو گی اور طالبعلموں کو با عزت روزگار بھی میسر آئے گا،صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کو تعلیمی معیار و تحقیقی امور کے حوالے سے ورلڈ کلاس یونیورسٹی بنایا جائے گا اور پاکستانی طالبعلم اس یونیورسٹی میں داخلہ لینا اعزاز سمجھیں گے۔