یوفون بلوچستان فٹبال کپ، باچا خان فٹبال کلب لورالائی کی کوارٹرفائنل میں رسائی

جمعرات 22 مارچ 2018 21:22

یوفون بلوچستان فٹبال کپ، باچا خان فٹبال کلب لورالائی کی کوارٹرفائنل ..
لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے ناک آؤٹ اور کوالیفائرز جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق باچا خان فٹبال کلب لورالائی نے ڈگری کالج لورالائی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔ میچ کا واحد گول محمد یونس نے اسکور کیا۔ اس فتح کے بعد فاتح ٹیم نے کوارٹرفائنلز میں رسائل حاصل کرلی ہے جو 27 مارچ کو کوئٹہ میں کھیلا جائے گا۔

قبل ازیں، ڈگری کالج لورالائی اور گورنمنٹ ہائی اسکول لورالائی کے درمیان ناک آؤٹ راؤنڈ کے دوران دلچسپ میچ ہوا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی گول اسکور نہ کرسکے۔ میچ کا اختتام پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس میں گورنمنٹ ہائی اسکول نے آٹھویں پینلٹی مس کردی تو ڈگری کالج لورلائی میچ جیت گیا۔

(جاری ہے)

اس چیمپیئن شپ کے ناک آؤٹ میچز اب چمن، پشین اور کوئٹہ میں کھیلے جائیں گے۔

کامیاب ٹیمیں کوارٹرفائنلز میں ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی اور جیتنے والی ٹیمیں 28 مارچ کو سیمی فائنل کھیلیں گی۔ فائنل 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ چیمپیئن شپ کا فائنل راؤنڈ کوئٹہ میں ایکوا فٹبال گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ پچھلے سال یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے کامیابی سے انعقاد کے بعد رواں سال یہ اس چیمپیئن شپ کا دوسرا ایڈیشن ہے۔ اس چیمپیئن شپ میں بلوچستان کے چھ شہروں خضدار، نوشکی، لورالائی، چمن، پشین اور کوئٹہ کی 30 ٹیموں کے 450 نوجوان فٹبالرز حصہ لے رہے ہیں۔