پاکستان ووٹ کی طاقت سے بنا، پاکستانیوں کے خون سے جمہوریت نہیں نکل سکتی، ملک سے عدم برداشت کا خاتمہ کرنا ناگزیر ہے،مریم اورنگزیب

اتحاد و یگانگت کے بغیر کوئی قوم بھی ترقی نہیں کر سکتی،پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ، ملک میں دہشت گردی میں واضح کمی آئی ہے، گزشتہ چار سالوں میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے اتنے ماضی میں کبھی نہیں ہوئے،پاکستانی اگر متحد ہو جائیں تو انہیں کسی اور کی ضرورت نہیں ہوگی، ہم بابا ئے قوم کے قول ’تنظیم، اتحاد اور یقین محکم ‘پر عمل کر کے ہر قسم کی مشکلات سے باآسانی نمٹ سکتے ہیں، وزیر مملکت کا ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کے زیر اہتمام تصویری نمائش سے خطاب

جمعرات 22 مارچ 2018 21:19

پاکستان ووٹ کی طاقت سے بنا، پاکستانیوں کے خون سے جمہوریت نہیں نکل سکتی، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے بنا، پاکستانیوں کے خون سے جمہوریت نہیں نکل سکتی، ملک سے عدم برداشت کا خاتمہ کرنا ناگزیر ہے، اتحاد و یگانگت کے بغیر کوئی قوم بھی ترقی نہیں کر سکتی،پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ، ملک میں دہشت گردی میں واضح کمی آئی ہے، لوڈ شیڈنگ ختم ہو رہی ہے، موٹر ویز بن رہی ہیں، گزشتہ چار سالوں میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے اتنے ماضی میں کبھی نہیں ہوئے،پاکستان قائداعظمؒ کے وژن اور علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے، تعلیم یافتہ قومیں تعمیر کے سفر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی ہیں، پاکستانی اگر متحد ہو جائیں تو انہیں کسی اور کی ضرورت نہیں ہوگی، ہم بابا ئے قوم کے قول ’تنظیم، اتحاد اور یقین محکم ‘پر عمل کر کے ہر قسم کی مشکلات سے باآسانی نمٹ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے یہ بات جمعرات کو ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کے زیر اہتمام نظریہ پاکستان کونسل کے تعاون سے یوم پاکستان کی مناسبت سے تحریک پاکستان کے عظیم رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقدہ تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات سردار احمد نواز سکھیرا، ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز عبدالواحد خان اور مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات موجود تھے۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور یہاں پر مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے اور جیتنے والے بچوں کو مبارکباد دیتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زبان سے محبت ہے، دنیا میں یہی ہماری پہچان ہے، انگریزی زبان بھی ضروری ہے کیونکہ ہم گلوبل ویلج میں رہتے ہیں تاہم اپنی زبان کا کوئی نعم البدل نہیں، ہم جہاں بھی جائیں ہماری پہچان اپنی زبان اور ثقافت سے ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز نے جدید اور بہتر طریقہ سے نمائش کا انعقاد کیا ہے، پاکستان میں اس طرح کی نمائشوں کا انعقاد ہونا چاہئے، نمائش کے ذریعے پاکستانی ثقافت اور تاریخی عہد کو اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قائداعظم کے وژن اور علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے، نوجوان نسل بھی پاکستان کی تعمیر میں حصہ ڈال رہی ہے، قائداعظم نے اپنی تاریخی تقاریر میں تعلیم کے حصول پر زور دیا ہے۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ تعلیم یافتہ قومیں تعمیرکے سفر میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پاکستان کے خون میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے جب بھی جمہوریت کو نکالا گیا وہ زیادہ طاقت سے واپس آئی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد بہت سے سیاہ دور آئے جب جمہوریت پر شب خون مارا گیا، پاکستان ووٹ کی طاقت سے بنا، پاکستانیوں کے خون سے جمہوریت نہیں نکل سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، ملک میں دہشت گردی میں واضح کمی آئی ہے، لوڈ شیڈنگ ختم ہو رہی ہے، موٹر ویز بن رہی ہیں، ماضی میں اتنے ترقیاتی کام نہیں ہوئے جتنے گذشتہ ساڑھے چار سالوں میں ہوئے، 66 سالوں میں شاہراہوں کا ایسا نیٹ ورک نہیں بنا جو مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں بنائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وہ دن دور نہیں جب سو فیصد لوگ تعلیم یافتہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قائداعظم کے ’’اتحاد، یقین محکم اور تنظیم ‘‘کے قول کو بھلا دیا ہے کیونکہ قائداعظم ؒنے کہا تھا کہ اگر آپ میں ایسی تنظیم ہوگی جس پر کوئی اثرانداز نہ ہو سکے تو آپ کو کسی اور پر انحصار کی ضرورت نہیں ہے، پاکستانی اگر متحد ہو جائیں تو انہیں کسی اور کی ضرورت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم بابائے قوم کے قول ’’تنظیم، اتحاد اور یقین محکم ‘‘ پر عمل کر کے ہر قسم کی مشکلات سے باآسانی نمٹ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے پی ٹی وی پر نشر ہونیوالے تحریک پاکستان کے پروگرام دیکھانا ضروری ہے کیونکہ ہم سب کو یہ لگتا ہے کہ پاکستان ایک رات میں بن گیا اور وہ تمام خون پسینہ، شہادتیں، قربانیاں جو پاکستان بننے کیلئے پاکستانیوں نے دیں، اس وقت کی وہ جھلک، وہ تحریک پاکستان کی پوری تاریخ جو لکھی گئی اس کو ہم نے نشریات میں شامل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم سب مل کر ایک ہو کر پیار کے دیئے جلائیں‘ مہم کا مقصد یہ ہے کہ اس وقت معاشرے اور ملک کے اندر جو عدم برداشت ہے، ملک کے اندر ایک دوسرے کی اختلاف رائے سننے کا حوصلہ نہیں ہے، جو جارحانہ رویئے ، جو ہم اپنے ارد گرد دیکھتے ہیںاور جو ان کے جو اثرات ہم پر ہیں ان کو ختم کرنے کیلئے یہ مہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک جتنی بھی ترقی کر لے جب تک اس میں رہنے والوں کے اندر اخوت، اکٹھے رہنے اور پیار کا جذبہ نہ ہو تو ایسی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے عدم برداشت کا خاتمہ کرنا ناگزیر ہے، اتحاد و یگانگت کے بغیر کوئی قوم بھی ترقی نہیں کر سکتی، ہمارے اندر جذبہ اخوت کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بچوں میں قومی جذبہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ ہر سال منایا جاتا ہے،اسے ایک دن تک محدود نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری سے بچوں کو استفادہ کرنا چاہئے۔

قبل ازیں وزیر مملکت نے نمائش کا افتتاح کیا اور تحریک پاکستان سے متعلق 200 نایاب تصاویر دیکھیں۔ وزیر مملکت نے پاکستانی پرچم لہرایا۔ اس کے بعد تقریب میں مصوری، حوصلہ افزائی، مضمون نویسی اور ڈرائنگ کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے اور شرکت کرنیوالوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ وزیر مملکت نے اس موقع پر کیک بھی کاٹا۔

متعلقہ عنوان :