گوجرانوالہ،ایک کروڑ تاوان کیلئے اغواء کیا جانیوالا بچہ بازیاب ، 3 اغواء کار گرفتار

جمعرات 22 مارچ 2018 21:16

گوجرانوالہ۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) پو لیس نے ڈی سی کالونی سے ایک کروڑ روپے تاوان کیلئے اغواء کیا جانیوالا بچہ پانچ گھنٹے بعد بحفاظت بازیاب کرالیا، تین اغواء کار گرفتار، وقوعہ میں استعمال ہونیوالی کار اور دو پسٹل برآمد ،گرفتار ملزمان میں حمزہ ،ولید شوکت اور حسن بشیر شامل ہیں، تفصیلات کے مطابق تھانہ ڈی سی کالونی کا رہائشی احسان الہٰی اپنے بچوں کے ہمراہ کاغان پارک میں موجود تھا ، اس دوران اس کاگیارہ سالہ بیٹا بشر الہٰی کھیلتے ہوئے پارک کے کنارے کی طرف گیا تو اس ٹیوٹا کرولا میں نامعلوم ملزمان بشر الہٰی کو زبردستی اٹھا کر کار میںبٹھا کر فرارہو گئے ، واقعہ کے فوری بعد ملزمان نے بذریعہ موبائل فون مغوی کے والد سے ر ابطہ اور بچے کی رہائی کے بدلے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا جبکہ تاوان نہ دینے کی صورت میں ملزمان نے بچے کو قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دیں ، جس پر احسان الہٰی نے تھانہ کینٹ میں بچے کے ا غواء کا مقدمہ درج کرا دیا، سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان کے احکامات کی روشنی میں مغوی کی بحفاظت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ پر ٹیم تشکیل دی گئی ،پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کروائی اورحافظ آباد روڈ کوٹ لدھا کے قریب ملزمان کو بسوار ی کار ٹریس کر کے گرفتار کیا اور ان کے قبضہ سے گیارہ سالہ بشر الٰہی کو بحفاظت باز یا ب کرالیا،ملزمان حمزہ اور ولید شوکت نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بسلسلہ کاروبار اورحصول تعلیم ملائشیا اکٹھے رہے ہیں ، ولید نے گزشتہ سال میڈیکل میں داخلہ کیلئے انٹری ٹیسٹ بھی دیا تھا ، ملزمان نے لاہور سے کرائے پر کار اور دو تین جعلی نمبر پلیٹس بھی لیں، مریدکے کے قریب آ کر کار کی نمبر پلیٹ تبدیل کی اورڈی سی کالونی آئے جہاں پارک کے قریب کھیلتا بچہ اغوا ء کیا اور فرار ہوگئے ، راستے میں انہوں نے مغوی بچے کی والد سے بات کروائی اور رہائی کے بدلے ایک کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا ،ملزمان نے لاہور میں کرائے پر کمرہ بھی لے رکھا تھاجن سے تفتیش جاری ہے ، سی پی او نے کہا کہ لوگوں کی جان ومال اور عزت کا تحفظ اولین ترجیح ہے ،اغواء برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :