لاہورہائیکورٹ کی طرف سے کالاباغ ڈیم تعمیرنہ کرنے پر وزیر اعظم کو توہین عدالت کانوٹس خوش آئند ہے‘میاں مقصوداحمد

پانی کے ذخائرنہ ہونے کے باعث ہر سال اربوں کھربوں کاپانی سمندر کی نذرہوجاتاہے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب کی عوامی وفود سے گفتگو

جمعرات 22 مارچ 2018 20:54

لاہورہائیکورٹ کی طرف سے کالاباغ ڈیم تعمیرنہ کرنے پر وزیر اعظم کو توہین ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے کالاباغ ڈیم کی تعمیر نہ کرنے پر وزیر اعظم کو توہین عدالت کانوٹس جاری کرنا خوش آئند اوردرست اقدام ہے۔عدالتی فیصلے پر مشترکہ مفادات کونسل کوکالاباغ ڈیم بنانے کی ہدایت کی گئی تھی مگر حکمرانوں کی غیر سنجیدگی اور لاپرواہی کے باعث آج تک عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

ملک میں ہر سال اربوں کھربوں روپے کا پانی صرف اس لیے سمندر کی نذرہوجاتا ہے کہ ہمارے پاس اس پانی کوذخیرہ کرنے کاکوئی خاطرخواہ بندوبست نہیں۔کالاباغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہوچکی ہے،اس منصوبے سے ملک وقوم کامستقبل وابستہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم سمیت دیگر چھوٹے بڑے ڈیموں کی تعمیر سے ہم ملکی زراعت میں انقلاب اور مستقبل میں پانی کی قلت سے بچ سکتے ہیں۔

ان منصوبوں سے پاکستان کی ساٹھ سے ستر لاکھ بنجر زمین کو قابل کاشت بنانے کے ساتھ ساتھ ہزاروں نئے روزگار کے موقع پیدا کرسکتے ہیں اور لوڈشیڈنگ کانہ صرف مکمل خاتمہ کرسکتے ہیں بلکہ ہمسایہ ممالک کو وافر بجلی فروخت کرکے زرمبادلہ بھی کما سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نازک دور سے گزررہا ہے۔حکمرانوں کی نااہلی کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔

کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہونے کی وجہ سے شعبہ زراعت کسمپرسی کاشکار ہے۔بھارت ہمارے حصے کے دریائوں پر قبضہ کرکے چوری شدہ پانی سے اپنی فصلوں کو سیراب کررہا ہے مگرافسوس ناک اور شرمناک امر یہ ہے کہ ہمارے حکمران خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی انٹیلی ایجنسی ’را‘ نے باقاعدہ طورپرخفیہ ڈیسک قائم کرکے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کو روکنے کے لیے خصوصی فنڈزجاری کررکھاہے۔

المیہ یہ ہے کہ پاکستان کے حکمران خواب خرگوش میں مصروف ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ وقت کا ناگزیر تقاضہ ہے کہ حکومت پاکستان کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لے اور تحفظات کوجلدازجلددورکرتے ہوئے کالاباغ ڈیم سمیت دیگر ڈیموں کی تعمیر کافوری اعلان کیا جائے ۔یہ ملک وقوم کی بقاء کامنصوبہ ہے اس کو سرف نظر نہیں کیاجاسکتا۔