نواز شریف کو بے رحم وقت نے سیاست کا ولن ثابت کیا،عدالتوں سے استثنیٰ مانگنے کا نہیں اڈیالہ جانے کا وقت آ گیا‘محمود الرشید

فون پر عدالتوں سے فیصلے لینا اور سڑکیں بنوانے سمیت اداروں کو دبا کر کام لینا (ن) لیگ کا خاصہ رہا ہے لیکن اب دنیا جدید دور میں داخل ہو گئی، ڈنڈا سوٹا نہیں چلے گا‘پارٹی وفود سے گفتگو

جمعرات 22 مارچ 2018 20:54

نواز شریف کو بے رحم وقت نے سیاست کا ولن ثابت کیا،عدالتوں سے استثنیٰ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف کو بے رحم وقت نے سیاست کا ولن ثابت کیا،عدالتوں سے استثنیٰ مانگنے کا نہیں اڈیالہ جانے کا وقت آ گیا، فون پر عدالتوں سے فیصلے لینا اور سڑکیں بنوانے سمیت اداروں کو دبا کر کام لینا مسلم لیگ (ن) کا خاصہ رہا ہے لیکن اب دنیا جدید دور میں داخل ہو گئی، ڈنڈا سوٹا نہیں چلے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں پارٹی وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت ایوب خان میو کر رہے تھے جبکہ شوکت بھٹی، عامر قریشی، حافظ ذیشان رشید، ذیشان صدیقی و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر میاں محمودالرشید نے شریف برادران کو خوب تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک پر سب سے زیادہ حکومت کی لیکن آج عوام صاف پانی، تعلیم اور صحت جیسے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، پڑھے لکھے ڈگری ہولڈر نوجوان بے روزگار ہیں، لاقانونیت کا راج ہے، طویل ترین حکومت کے بعد آج شہباز شریف عوام کو انقلاب کی بتی کے پیچھے لگا رہے ہیں اور نواز شریف سب کے ساتھ مل بیٹھنے کی بات کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بے رحم وقت نے سیاست کا ولن ثابت کیا، آج وہ عدالتوں سے استثنیٰ مانگ رہے ہیں، وزارت عظمیٰ اور پارٹی صدارت جانے کے بعد اڈیالہ جانے کا وقت آ گیا ہے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ ڈالر کو پر لگنے میں موجودہ حکمرانوں کا ہاتھ ہے، ملکی معیشت کا بیڑا غرق کرنے والے لندن میں علاج کے بہانے عدالتوں سے راہ فرار اختیار کئے بیٹھے ہیں لیکن اب کوئی بہانے نہیں چلیں گے جس نے ملک کا جو لوٹا اسے واپس کرنا اور جرم کی سزا بھگتنا پڑے گی، ٹیلی فون پر عدالتوں سے فیصلے لینا اور سڑکیں بنوانے سمیت اداروں کو دبا کر کام لینا مسلم لیگ ن کا خاصہ رہا ہے لیکن اب دنیا جدید دور میں داخل ہو گئی، ڈنڈا سوٹا نہیں چلے گا۔