وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے پاکستان ہندو کونسل کے لئے ایمبولنسز کا تحفہ

وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ایمبولنسز کی چابیاں رمیش کمار ایم این اے کے حوالے کیں

جمعرات 22 مارچ 2018 20:49

وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے پاکستان ہندو کونسل کے لئے ایمبولنسز کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پاکستان ہندو کونسل کے لئے ساٹھ لاکھ روپے مالیت کی تین ایمبولنسز تحفہ میںدی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے تینوں ایمبولنسز کی چابیاں پاکستان ہندو کونسل کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کے حوالے کیں ۔

اس موقع پر خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پنجاب بڑا بھائی ہونے کے ناطے سے دیگر صوبوں کے ساتھ بھرپور تعاون اور وہاں کے عوام کی مدد کرنا اپنا فرض سمجھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایمبولنسز کا تحفہ سندھ کے عوام خصوصاً ہندو برادری کے ساتھ خیر سگالی کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کا کہنا تھا کہ پاکستان ہندو کونسل کے پاس پہلے دس ایمبولنسز کا سکاڈ موجود ہے اور تین ایمبولنسز کے اضافے سے ان کی تعداد تیرہ ہوگئی ہے ۔

رمیش کمار کا کہنا تھا کہ سندھ کے تھر کے علاقے میں بیمار بچوں کی جانیں بچانے اور انہیں ہسپتالوں تک پہنچانے میں یہ ایمبولنسز مددگار ثابت ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہندو کونسل تمام ہندو برادری کی جانب سے تین ایمبولنسز کا تحفہ فراہم کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور پنجاب حکومت کی شکر گزار ہے۔