یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل میں موثر اور بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے اپنا نمائندہ مقرر کرے ،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

جمعرات 22 مارچ 2018 20:43

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یورپی یونین کشمیر کے لئے اپنا نمائندہ مقرر کرے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے یورپی یونین اپنا موثر اور بھرپور کردار ادا کر سکے، مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے لہذا یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجیں، اسی طرح سیز فائر لائن پر بھارتی خلاف ورزیوں کا بھی نوٹس لیں کیونکہ بھارت اقوام متحدہ کے مبصرین کو سرینگر سے باہر نہیں جانے دیتا جبکہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو پاکستان سیز فائر لائن تک جانے کی مکمل اجازت دیتا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت ہی وہاںکچھ چھپا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کریں، یورپی یونین انٹراء کشمیر ڈائیلاگ کا اہتمام کرائے تاکہ کشمیری جب آپس میں مل بیٹھیں گے تو پھر وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور جامع حل نکل سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے برسلز میں یورپین کمیشن کے ایک اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر یورپی کمیشن کے عہدیداران میں مس پائولہ پیمپالائونی انچارج ایشیاء ڈویژن ،کلیئس اینڈرسن انٹرنیشنل پیس، صوبح ڈیلئین اور ڈایئٹمار کریسلر شامل تھے۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی معاونت انکے یورپی یونین کے لئے نمائندے چوہدری نصیر احمد اور پرویز ملک نے کی۔دریں اثناء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے ممبران کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ یورپی پارلیمنٹ نے پہلے بھی ایماء نکلسن رپورٹ اپنائی تھی اور بھارت کی مزمت کی تھی جب اوڑی میں گمنام اجتماعی قبریں دریافت ہوئی تھیں۔

لہذا اب یورپی پارلیمنٹ کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پرممبران یورپی پارلیمنٹ کے وفد میں ممبر یورپی پارلیمنٹ مسٹرشیئون ،ممبر یورپی پارلیمنٹ مسٹر سجاد کریم اور ممبریورپی پارلیمنٹ واجد خان شامل تھے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یورپی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔